سعودی عرب میں خطرناک کرونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق

دونوں افراد کی جن کی عمریں 78اور 55سال تھیں، وہ دوسری پرانی امراض میں بھی مبتلا تھے،سعودی حکام


AFP October 11, 2013
سعودی حکام نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وائرس سے بچائو کے لیے ماسک استعمال کریں۔. فوٹو: فائل

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 2افرادخطرناک کرونا وائرس سے ہلاک ہوگئے ہیں۔

جبکہ مملکت کی حج کے موقع پر تقریباً20لاکھ عازمین حج کی میزبانی کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔سعودی وزارت صحت حکام نے جمعرات کو بتایاکہ دونوں افراد کی جن کی عمریں 78اور 55سال تھیں، وہ دوسری پرانی امراض میں بھی مبتلا تھے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ان افراد کی ہلاکتیں کب ہوئی ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق حکام نے 2مزید افراد کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد سعودی عرب میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد119ہوگئی ہے جبکہ مملکت میں پہلا کیس ستمبر 2012ء میں سامنے آیا تھا۔

یادرہے کہ دنیا بھر میں مرس وائرس سے اب تک 58ہلاتیں ہوچکی ہیں جن میں سے صرف 51سعودی عرب میں ہوئی ہیں۔ادھرسعودی وزیرصحت عبداﷲ الرابعہ نے بتایاکہ موجودہ حج سیزن کے دوران عازمین حج میں ابھی تک کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے تاہم سعودی حکام نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وائرس سے بچائو کے لیے ماسک استعمال کریں۔