امریکی صدر نے ترکی سے پابندیاں ہٹانے کا اعلان کردیا

ترکی کی جانب سے شام میں مستقل جنگ بندی پر رضامندی کے اظہار پر پابندیاں ہٹائی جائیں گی، صدر ٹرمپ


ویب ڈیسک October 23, 2019
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد تجارتی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ترکی پر عائد کی گئی تجارتی و معاشی پابندیاں جلد ختم کردی جائیں گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ترکی شمالی شام میں جاری فوجی آپریشن روک کر مستقل جنگ بندی پر راضی ہوچکا ہے اور اسی بنا پر ترکی سے امریکی درآمدات پر عائد کی گئی پابندیاں اٹھالی جائیں گی۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پابندیاں اس وقت تک معطل رہیں گی جب تک کوئی ایسا واقعہ نہ ہوجائے جس سے ہم ناخوش ہوجائیں۔ ترکی کی جانب سے انہیں 'مستقل' جنگ بندی کے لفظ پربھی شک ہے۔

واضح رہے کہ ترکی شام سے متصل اپنی سرحدوں پر پناہ گزینوں کے لیے محفوظ علاقہ قائم کرنا چاہتا ہے اور اسی بنا پر اس نے کردوں سے علاقہ خالی کرانے کے لیے فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔ اس لئے ترکی نے اپنی سرحد سے ملحقہ شامی علاقے سے کرد باغیوں کے انخلا کے لیے 9 اکتوبر کو فوجی کارروائی شروع کی تھی۔ کارروائی کے باعث امریکا نے ترکی پر اقتصادی پابندیاں لگادی تھیں۔