داعش سربراہ البغدادی امریکی آپریشن میں ہلاک

ٹرمپ نے آپریشن میں مدد دینے پرروس اور ترکی کا ذکر بھی کیا


Editorial October 28, 2019
ٹرمپ نے آپریشن میں مدد دینے پرروس اور ترکی کا ذکر بھی کیا۔ فوٹو: فائل

داعش کا سربراہ ابو بکر البغدادی شام میں مارا گیا، امریکا سمیت 5 ممالک نے خصوصی آپریشن میں حصہ لیا۔ جس کے دوران البغدادی کی 2 بیویوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ آپریشن میں اس کے تین بچے بھی جاںبحق ہوگئے ، صدر ٹرمپ نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑادہشت گرد ماراگیا۔آپریشن کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

ادلب کے قصبے باریشا میں امریکی فوج کا آپریشن دو گھنٹے جاری رہا، عمارت جس میں مبینہ طور پر ابوبکر البغدادی چھپا تھا، ملبے کا ڈھیر بن گئی، واشنگٹن میں میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فوج نے ایک کمپاونڈ میں دوگھنٹے تک کارروائی کی اور مشن کی تکمیل کے بعد انتہائی حساس مواد اور معلومات جمع کی گئیں جو داعش کے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تھیں۔

ٹرمپ نے آپریشن میں مدد دینے پرروس اور ترکی کا ذکر بھی کیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ابوبکر البغدادی میرے صدر بننے سے قبل بڑے عرصے سے سرگرم تھے لیکن امریکا کے کمانڈر انچیف کی حیثیت سے میرے احکامات تھے کہ ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور ایک مرتبہ یاد دہانی کراتے ہیں کہ ہم داعش کے باقی ماندہ دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے، کارروائی میں تعاون کرنے پر روس، ترکی، عراق اور شام کے مخصوص حلقے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ کارروائی صرف ان کی مدد سے ممکن ہوسکی جس کا اعتراف ضروری ہے۔

میڈیا کے مطابق شمالی ادلب کے مضافات کے قصبے باریشا میں اتحادی فوج کے کمانڈوز کو ہیلی کاپٹرز سے اترتے دیکھا گیا ہے جو آٹھ ہیلی کاپٹروں پر سوار تھے اور انھیں اتحاد میں شامل فوج کے لڑاکا طیاروں نے کور فراہم کر رکھا تھا۔ البغدادی کے ساتھ اس کا دست راست ایک اور کارروائی میں مارا گیا ،بغدادی کی ہلاکت کا چار بار دعویٰ کیا گیا ، اس کے سر کی قیمت ڈھائی کروڑ ڈالر تھی۔ داعش کے سربراہ کی ہلاکت بلاشبہ ایک بڑی کامیابی ہے۔

اس تنظیم نے مشرق وسطیٰ سمیت امریکا ، یورپ ، جنوبی ایشیا، اور افغانستان میں ہولناک وارادتوں کے روڈ میپ تیار کیے، پاکستان میں بھی اس نے قدم جمانے کی کوشش کی مگر ہمارے سلامتی کے اداروں نے داعش کا کامیاب نہیں ہونے دیا، تاہم اب بھی اس کی باقیات کے خطرات سے دنیا مکمل محفوظ نہیں، یہ عفریت ہے اس کا تعاقب اسی سرگرمی سے جاری رکھنا ضروری ہے۔

بغدادی کی نقل وحرکت کے بارے میں میڈیا نے بعض ذرایع سے بتایا کہ وہ سبزیوں سے لدی منی بسوں میںسفرکرتے تھے تاکہ ان کی شناخت نہ ہوسکے، وہ اپنے با اعتماد قریبی لوگوں سے صلاح ومشورہ بھی کرتے تھے۔ صدرٹرمپ کے مطابق اس آپریشن میں کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا، ذرایع کاکہنا ہے کہ ترکی نے بھی عندیہ دیا کہ بغدادی کے خلاف کارروائی میں امریکی دستوں کی معاونت کی گئی ۔

مقبول خبریں