پیس کپ فٹبال پاکستان کے پاس ٹائٹل پانے کا سنہری موقع

آج میزبان فلپائن سے مقابلہ برابرہونے پر بھی گرین شرٹس ٹرافی کے حقدار بن جائیں گے


Sports Desk October 15, 2013
پیس کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں میزبان فلپائن، چائنیز تائپے اور پاکستان شریک ہیں، فوٹو: فائل

پاکستان کو پیس کپ فٹبال کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا سنہری موقع مل گیا۔

میزبان فلپائن سے فتح یا میچ برابر کھیلنے کی صورت میں بھی گرین شرٹس ٹرافی حاصل کر لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیس کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں میزبان فلپائن، چائنیز تائپے اور پاکستان شریک ہیں، سنگل لیگ کی بنیاد پر جاری ایونٹ میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم کے سر پر چیمپئن کا تاج سج جائے گا۔



اب تک پاکستانی ٹیم ایک میچ کھیل کر 3 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، چائنیز تائپے نے2مقابلوں میں اتنے ہی پوائنٹس حاصل کیے، میزبان فلپائن کو پہلے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹورنامنٹ کا آخری لیگ میچ آج پاکستان اور فلپائن کے مابین شیڈول ہے، گرین شرٹس مقابلہ برابر کھیل کر بھی چیمپئن بن سکتے ہیں۔

فلپائن کی ٹیم2گول سے فتح حاصل کرتے ہوئے اعزاز کاد فاع کرنے میں سرخرو ہوجائے گی، اگر میزبان سائیڈ نے پاکستان کو ایک گول سے زیر کیا تو چائینز تائپے کی ٹیم فاتح ٹھہرے گی۔ یادرہے کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی معرکے میں چائنیز تائپے نے فلپائن کو 2-1 سے زیر کیا تھا،دوسرے مقابلے میں اسے گرین شرٹس نے ایک گول سے مات دی، فیصلہ کن گول کپتان ذیشان رحمان نے کھیل کے ساتویں منٹ میں داغا تھا۔