حوثی باغیوں کا یمن کے وزیر دفاع پر ڈرون حملہ 2 فوجی ہلاک

نائب وزیراعظم اور ایک وزیر کو بارودی مواد سے بھری کار کے ذریعے قتل کرنے کی ناکام کوشش کی گئی


ویب ڈیسک October 30, 2019
ڈرون حملے سے وزیر دفاع کا ڈرائیور اور ایک گارڈ ہلاک ہوگیا۔ فوٹو : فائل

یمن میں حوثی جنگجوؤں نے وزیر دفاع پر ڈرون سے قاتلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت دو فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، خوش قسمتی سے جنرل محمد علی المقدیشی بال بال بچ گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے صوبے مارب میں وزیر دفاع جنرل محمد المقدیشی پر ایک اہم اجلاس کی سربراہی کے دوران ڈرون حملہ کیا گیا ہے جس میں وزیر دفاع کا ڈرائیور اور ایک گارڈ مارا گیا، دونوں فوجی اہلکار تھے جب کہ وزیردفاع خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

قبل ازیں یمن کے وزیر داخلہ احمد المیسری اور وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجابوانی بھی ایک قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔ دونوں کی رہائش گاہ کے نزدیک بارود سے بھری کار کھڑی کی گئی تھی جسے پھٹنے سے قبل ہی مواد کو ناکارہ بنادیا گیا۔

ابھی تک وزارت دفاع اور یمنی حکومت کی طرف سے حملوں سے متعلق کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم حوثی باغیوں نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ حملے یمن کی فوج کی جانب سے حوثی باغیوں کے مرکزی گڑھ صعدہ کی شاہراہ کا تسلط واگزار کرانے کے بعد ہوئے۔