نیو کراچی میں 2 بھائیوں کے قتل کا معمہ حل گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا

گرفتار ملزمان نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے آلہ قتل بھی برآمد کرا دیا۔


Staff Reporter November 01, 2019
گرفتار ملزمان نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے آلہ قتل بھی برآمد کرا دیا۔ فوٹو: فائل

نیو کراچی پولیس نے اغوا کے بعد بیدردی سے ذبح کیے جانے والے 2 سگے بھائیوں کے قتل کا معمہ حل کرلیا۔

ایس ایچ او نیو کراچی انسپکٹر طاہر حسین نے بتایا کہ نیوکراچی سیکٹر الیون ڈی کے رہائشی الیاس کے 2 بیٹوں 8 سالہ آذان اور 10 سالہ علی رضا کے اغوا کا مقدمہ درج کر کے ان کی نشاندہی پر 2 ملزمان نفیس اور رفیق کو گرفتار کیا تھا جو کہ سگے بھائی ہیں تاہم ملزمان نے بچوں کو اغوا کرنے سے انکار کیا تھا تاہم 25 اکتوبر کی شب نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے صدیق آباد قبرستان سے 2 لاشیں ملیں تھیں جنھیں آذان اور علی رضا کے نام سے شناخت کیا گیا۔

گرفتار ملزمان رفیق اور نفیس سے پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ کا عمل جاری رہا اور آخرکار انھوں نے دونوں بھائیوں کو اغوا کر کے قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ انھون نے دونوں بھائیوں کو گھر کے قریب سے مغرب کے بعد اغوا کیا اور موٹر سائیکل پر بیٹھا کر انھیں سیدھا نیو کراچی صدیق ا?باد قبرستان کے اندر لے گئے جہاں انھوں نے باری باری دونوں بھائیوں کو ذبح کر کے ان کی لاشیں قبروں میں پھینک دی اور تیز دھار آلہ وہیں قریب بہنے والی ندی کے قریب جھاڑیوں میں پھینک دیا۔

ملزمان بچوں کو اغوا کر کے اس کے والد سے تاوان وصول کرنا چاہتے تھے جبکہ انھیں اپنی بھابھی کا بھی غصہ تھا جس نے ملزمان کے بھائی کی کرنٹ لگنے سے موت کے بعد الیاس سے شادی کرلی تھی جو کہ مقتول بھائیوں کا باپ ہے۔