افغانستان کا پاکستانی تاجروں کو ملٹی پل ویزا دینے سے گریز

صدر حامد کرزئی کے اعلان کے باوجودافغان حکام سہولت کے لیے جان بوجھ کرتاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں


Business Reporter October 15, 2013
ملٹی پل ویزا نہ ملنے کی وجہ سے دونوں ملکوں میں باضابطہ اور منظم تجارت کے فروغ میں مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان کی جانب سے افغان تاجروں کو 6ماہ کا ملٹی پل ویزا دیے جانے کے باوجود افغان حکام کی جانب سے پاکستانی تاجروں کو ملٹی پل ویزا نہیں دیا جارہا ۔

جس کی وجہ سے دونوں ملکوں میں باضابطہ اور منظم تجارت کے فروغ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے افغان حکام سے بارہا اس مسئلے کی جانب توجہ مبذول کرائی جاچکی ہے تاہم ابھی تک پاکستانی تاجروں کو یہ سہولت حاصل نہیں ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین کو 6ماہ کا ملٹی پل ویزا دیا جارہا ہے اور ویزے کے لیے ذاتی طور پر حاضری سے بھی استثنیٰ کی سہولت حاصل ہے۔



یاد رہے کہ افغانستان کے صدر حامد کرزئی کی جانب سے پاکستانی تاجروں کو ملٹی پل ویزا فراہم کرنے کا اعلان کیا جاچکاہے تاہم ابھی تک اس پر عمل درآمد شروع نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکام اس سہولت کے لیے جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں جس سے دونوں ملکوں کی تجارت بڑھانے کے امکانات کو عملی جامہ پہنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔