دباؤ کا شکار پی سی بی ساکھ بچاؤ مہم میں مصروف

ایکسپریس نیوز  منگل 5 نومبر 2019
بے روزگار کرکٹرز کی فریادیں میڈیا پر آنے کے بعد محکموں سے ملاقاتیں
 فوٹو: فائل

بے روزگار کرکٹرز کی فریادیں میڈیا پر آنے کے بعد محکموں سے ملاقاتیں فوٹو: فائل

 لاہور:  ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے پر دباؤ کا شکار پی سی بی ساکھ بچاؤ مہم میں مصروف ہے جب کہ بے روزگار کرکٹرز کی فریادیں میڈیا پر آنے کے بعد محکموں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سے ڈپارٹمنٹس کا وجود ہی ختم کرتے ہوئے6 صوبائی ٹیموں کا نظام متعارف کروایا، محکموں کی مرکزی اور ذیلی ٹیموں کیلیے کرکٹرز کی ضرورت باقی نہ رہنے پرسیکڑوں بے روزگار ہوئے یا عنقریب ہونے والے ہیں۔

گزشتہ دنوں سوئی سدرن گیس نے بھی ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق، ٹیسٹ کپتان اظہر علی سمیت کئی قومی کرکٹرز کو دفترمیں ڈیوٹی پر حاضر ہونے کیلیے نوٹس جاری کیے،ان میں سے کئی دورہ آسٹریلیا کیلیے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

دوسری جانب میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی کرکٹرز کی فریادیں سنائی دے رہی ہے، موٹر سائیکل، رکشہ اور ٹیکسی چلا کر گزارا کرنے کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں۔

اس صورتحال میں سخت دباؤکا شکار پی سی بی نے محکموں کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ شروع کررکھا ہے، چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی سربراہی میں بورڈ حکام کل سوئی سدرن گیس انتظامیہ سے ملاقات کریں گے، چیف ایگزیکٹیو وسیم خان ، ہارون رشید اور سلمان نصیر  بھی ہمراہ ہوں گے، وفد سوئی سدرن گیس انتظامیہ سے پاکستان ٹیم میں شامل سوئی سدرن گیس کے کھلاڑیوں کے مستقبل کے حوالے سے بات کرے گا۔

اس سلسلے میں ترجمان پی سی بی کا کہناہے کہ سوئی ناردرن گیس نے قومی ٹیم میں شامل اور فرسٹ کلاس کھیلنے والے کرکٹرز کو ریلیز کر دیاہے، کھلاڑیوں کے محکمے کیساتھ معاملات بھی پہلے ہی طے پاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ کئی کرکٹرز ڈپارٹمنٹس میں رپورٹ کرنے پر مجبور ہوئے تو ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے ٹیمیں تشکیل دینے میں مشکل ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔