افغان پولیس اور طالبان کے درمیان جھڑپ میں 5 جنگجو ہلاک

افغان پولیس چھاپا مار کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا


ویب ڈیسک November 05, 2019
افغان پولیس نے بھاری مقدار میں جنگجوؤں کا اسلحہ و بارود اپنی تحویل میں لے لیا۔ فوٹو : فائل

افغانستان میں اسپیشل پولیس فورس کے سرچ آپریشن کے دوران طالبان جنگجوؤں سے ہونے والی جھڑپ میں 5 جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ و بارود بھی برآمد ہوا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے لوگر کے علاقے شینہ قلعہ میں افغان اسپیشل فورس کے دستے سرچ آپریشن کے دوران طالبان کے ٹھکانوں پر پہنچے جہاں سے پولیس پر فائرنگ کی گئی۔ پولیس اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان ایک گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی جس کے نتیجے میں 5 جنگجو مارے گئے۔

یہ خبر پڑھیں: افغان فوج پر حملے اور 2 بم دھماکوں میں 9 اہلکار سمیت متعدد شہری ہلاک

پولیس نے یہ کارروائی انٹیلی جنس بنیادوں پر حاصل ہونے والی معلومات پر کیا، کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا جسے افغان پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ہلاک ہونے والے طالبان جنگجوؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ طالبان کی جانب سے افغان پولیس کی کارروائی کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: افغانستان میں مسافر بس کے نزدیک بم دھماکا، 4 بچوں سمیت 8 شہری جاں بحق

واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے افغان امن مذاکرات کے خاتمے کے اعلان کے بعد سے طالبان جنگجوؤں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں تیزی آگئی ہے اور صرف ایک ہفتے میں درجن سے زائد سیکیورٹی اہلکار، 8 جنگجو اور 50 سے زائد عام شہری جھڑپوں، بم دھماکوں اور خود کش حملوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔