بھارت میں ہاتھی ’اسامہ بن لادن‘ نے 5 دیہاتیوں کو کچل کر ماردیا

محکمہ جنگلات نے ڈرونز اور پالتو ہاتھیوں کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کردیا


ویب ڈیسک November 05, 2019
بھپرے ہوئے ہاتھی نے چاولوں کے کھیت تباہ کردیئے اور 5 دیہاتیوں کو کچل ڈالا۔ فوٹو : فائل

KARACHI: بھارت میں اسامہ بن لادن نامی ایک بپھرے ہوئے ہاتھی نے 5 دیہاتیوں کو پاؤں تلے روند کے ہلاک کردیا اور چاولوں کے کھیتوں کو تہس نہس کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شمالی ریاست آسام کے ایک گاؤں بولتار پر ایک بھپرے ہوئے ہاتھی نے دھاوا بول دیا اور کھیتوں کو تباہ کردیا۔ جب کسان اپنی فصلوں کو بچانے کے لیے آئے تو ہاتھی نے انہیں پاؤں تلے روند ڈالا جس سے 5 دیہاتیوں کی موت واقع ہوگئی۔

یہ ہاتھی پہلے بھی مختلف گاؤں پر حملہ کرچکا ہے جس کے بعد اسے اسامہ بن لادن کے نام سے پکارا جانے لگا تھا اور پورے علاقے میں اس کی دہشت قائم ہوگئی۔ کئی بار ہاتھی کو مارنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ہر بار بچ نکلا۔

محمکہ جنگلات نے 'اسامہ' کو پکڑنے کیلیے ڈرونز اور محکمے کے پالتو ہاتھیوں کی مدد سے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی تاہم ہاتھی ایک دو بار نظر آنے کے بعد ریوڑ میں پناہ لے کر گھنے جنگل کے اندر داخل ہوگیا۔ اسے بے ہوش کرکے آبادی سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک بغیر دانت والے ہاتھی نے اسی ریاست میں 70 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جس پر مشتعل دیہاتیوں نے ہاتھی کو گھیر کر بجلی کے جھٹکے دے کر مار ڈالا تھا۔