اسلام آباد یونائیٹڈ اور ڈین جونز نے راہیں جدا کرلیں

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 6 نومبر 2019
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، ڈین جونز فوٹو: فائل

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، ڈین جونز فوٹو: فائل

 لاہور: پی ایس ایل کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ اور ڈین جونز نے راہیں جدا کرلیں اور اب پانچویں ایڈیشن کے لیے کسی نئے ہیڈ کوچ کا انتخاب کیا جائے گا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ڈین جونز کا کہنا ہے کہ فرنچائز مالکان سے بات چیت ہوئی، انہیں نئے ہیڈ کوچ کی تلاش ہے، میری کوچنگ میں ٹیم نے 2 ٹائٹلز اور 8 پلے آف میچز میں سے 6جیتے،اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ شاندار سفر میں کئی نوجوان کرکٹرز سامنے آئے جن کو بعد ازاں پاکستان کی نمائندگی کا بھی موقع ملا، فرنچائز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، میرے مستقبل کے حوالے سے اچھی خبر جلد سامنے آئے گی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کے لیے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و سلیکٹر مصباح الحق کا نام گردش میں ہے، قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جگہ کراچی کنگز کی کوچنگ ڈین جونز کے سپرد کئے جانے کا امکان ہے۔ معین خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، عاقب جاوید لاہور قلندرز اور محمد اکرم پشاور زلمی کے کوچ برقرار رہیں گے، ملتان سلطانز کی منیجمنٹ بھی جوہان بوتھا کی جگہ کسی اور کو ذمہ داریاں سونپنے پر غور کرسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔