آسٹریلیا اے سے ٹور میچ؛ بابر اعظم اور اسد شفیق کی سنچریاں

اسپورٹس ڈیسک  منگل 12 نومبر 2019
ابتدائی دن کا کھیل ختم ہونے پر بابر 157 اور مڈل آڈر بیٹسمین 119 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود۔ فوٹو: اے ایف پی

ابتدائی دن کا کھیل ختم ہونے پر بابر 157 اور مڈل آڈر بیٹسمین 119 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود۔ فوٹو: اے ایف پی

پرتھ: آسٹریلیا ’اے‘ کیخلاف بابراعظم اور اسد شفیق نے ہاتھ صاف کرلیا، دونوں نے ناقابل شکست سنچریاں جڑدیں جب کہ سہ روز میچ کے ابتدائی روز پاکستانی ٹیم کا ٹوٹل 3 وکٹ پر 336 تک پہنچادیا۔

ٹوئنٹی 20 سیریز میں ناکامی کے بعد پاکستان ٹیم نے آسٹریلیا کے دورے کے دوسرے حصے کا آغازکردیا، آسٹریلیا اے کے خلاف پرتھ میں سہ روزہ ٹور میچ کے پہلے روز گرین کیپس نے 3 وکٹ کے نقصان پر 336 رنزبنائے، یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ فارمیٹ میں پنک گیند کے ساتھ کھیلا جارہا ہے۔

تیسرے ہی اوور میں اوپننگ بیٹسمین شان مسعود کوچانس ملا جب سلپ میں موجود مارکس ہیرس نے ان کا کیچ ڈراپ کردیا، مایوس بولر مائیکل نیسیر تھے تاہم کوئنز لینڈ سے تعلق رکھنے والے پیسرکوزیادہ دیر تک انتظار نہیں کرنا پڑا، ساتویں اوور میں ان کی گیند پر مہمان کپتان اظہر علی کو ایل بی ڈبلیوقراردے دیا گیا، گیند واضح طور پر لیگ اسٹمپ کو ہٹ کرتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، انھوں نے 24 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنائے۔

ریلی میریڈتھ نے گیند ملتے ہی کچھ جارحانہ بولنگ کی، ان کی بولنگ میں اسپیڈ تو تھی مگر زیادہ کنٹرول دکھائی نہیں دے رہا تھا، اس کے باوجود انھوں  نے حارث سہیل کو عمدگی سے گھیرا جوکہ باہر جاتی ہوئی گیندکوایج پرآسٹریلیا اے کے کپتان الیکس کیری کے ہاتھوں میں سونپ بیٹھے۔

حارث نے 25 گیندوں کا سامنا کیا، جن میں سے 3 کوباؤنڈری کی سیر کراتے ہوئے 18 رنزاسکور کیے، مجموعی اسکور جب 60 ہوا تو میریڈتھ نے باؤنسر سے شان مسعود کا اعتماد ڈگمگایا، گیند ان کے گلوز یا پھر بیٹ کے ہینڈل سے لگ کر اچھلی جسے پوائنٹ سے بھاگ کرآنے والے سین ایبٹ نے دبوچ لیا۔

اس موقع پر وکٹ پر چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے اسد شفیق اور پانچویں نمبر پر انٹری دینے والے بابر اعظم یکجا ہوئے۔ دونوں نے مشکل صورتحال میں پہلے ٹیم کو سنبھالا دیا اور پھر نرم پڑنے والے پنک گیند کا خوب فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور بورڈ کو متحرک کیا، انھوں نے پہلے لنچ، پھر چائے کے وقفے اور آخر میں اسٹمپس تک گیند کو گراؤنڈ کے چاروں جانب سیر کرائی، اس دوران انھوں نے فلڈ لائٹس  آن ہونے اور میزبان سائیڈ کی جانب سے دوسری نئی گیند لیے جانے کی بھی پروا نہیں کی اوررنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

دونوں نے اپنی چوتھی وکٹ کی شراکت میں دن کے اختتام تک مجموعی طور پر37 باؤنڈریز جڑیں، جن میں سے 24 بار گیند بابر اعظم کے بیٹ کی ضرب سے باؤنڈری کے پار گئی۔ جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان کا اسکور 3 وکٹ پر 336 تھا، بابراعظم 157 اور اسد شفیق 119 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔ ریلی میریڈتھ نے 2 وکٹیں لیں جبکہ مائیکل نیسیر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔