چار ماہ میں بیرون ملک پاکستانیوں نے ساڑھے 7 ارب ڈالر وطن بھیج دیے

اکتوبر 2019ء کے دوران ترسیلات زر کی مالیت 2 ارب ڈالر رہی، اسٹیٹ بینک


ویب ڈیسک November 12, 2019
اکتوبر 2019 میں گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں ترسیلات 2.88 فیصد کم رہیں، اسٹیٹ بینک ۔فوٹو:فائل

چار ماہ کی مدت کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 7 ارب 47 کروڑ 89 لاکھ ڈالر وطن بھیج دیے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر تک چار ماہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 7 ارب 47 کروڑ 89 لاکھ ڈالر پاکستان بھجوائے، جب کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ترسیلات کی مالیت 7 ارب 61 کروڑ 78 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2019ء کے دوران ترسیلات کی مالیت 2 ارب ڈالر رہی جو ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں ترسیلات کی مالیت 14.46 فیصد زائد رہی، تاہم اکتوبر 2018ء کے مقابلے میں یہ ترسیلات 2.88 فیصد کم ہیں۔