امریکا کیساتھ سیکیورٹی معاہدہ حتمی نہیں افغانستان 16 صدارتی امیدوار نا اہل قرار

سیکیورٹی معاہدے کے متعدد نکات پراتفاق نہیں ہوسکا، مسودے کو لویہ جرگے کوبھیج دیا جائے گا،افغان صدارتی ترجمان ایمل فیضی


INP/AFP October 23, 2013
صدارتی امیدواروں کوموبائل فون،کمپیوٹرز اور تحفے کے طور پردیے جانیوالے کیمروں سے نشانہ بنایا جاسکتا ہے،افغان انٹیلی جنس کا انتباہ۔فوٹو:فائل

KARACHI: افغان صدر حامد کرزئی کے ترجمان ایمل فیضی نے کہاہے کہ افغانستان اور امریکاکے درمیان باہمی سیکیورٹی کے معاہدے کے متعدد نکات پرابھی اتفاق نہیں ہوا۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ اس معاہدے کی دستاویزپر کافی پیش رفت ہو چکی ہے لیکن یہ ابھی حتمی نہیں۔ ایمل فیضی نے کہا اس مسودے پر اتفاق نہیں ہوتاتو اسے لویہ جرگہ کو بھیج دیاجائے گا،امریکا کیساتھ سیکیورٹی معاہدے پر غور کیلیے قبائلی بزرگوں پرمشتمل اس جرگے کاایک اجلاس نومبرمیں ہوگا۔



دوسری طرف افغانستان میں آئندہ 2014کے صدارتی انتخابات کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں میں سے نصف سے زیادہ 16 امیدواروں کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ افغانستان کے آزادالیکشن کمیشن کے سربراہ یوسف نورستانی نے بتایاکہ کل 26 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جن میں سے صرف10امیدوارصدارتی الیکشن میں حصہ لینے کے اہل قرار پائے ہیں جبکہ16امیدوارنا اہل قرار پائے ہیں،تمام 10 امیدواروں کے نام آئندہ 5 اپریل کے صدارتی الیکشن میں سامنے آجائینگے۔