اسلام آباد فائرنگ واقعہ عدالتی حکم پر ملزم سکندر کی اہلیہ کنول ضمانت پر رہا

عدالت کے حکم اور دیگر قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد کنول کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا


ویب ڈیسک October 23, 2013
کنول ملزم سکندر کے ساتھ جرم میں شریک نہیں تھی اور نہ اس کی معاونت کر رہی تھی، وکیل صفائی فوٹو: اے ایف پی/ فائل

لاہور: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو اسلحہ کے زور پر کئی گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھنے والے ملزم سکندر کی اہلیہ کنول کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کنول کے وکیل صفائی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ کنول ملزم سکندر کے ساتھ جرم میں شریک نہیں تھی اور نہ اس کی معاونت کر رہی تھی بلکہ اسے اس کے شوہر نے یرغمال بنا رکھا تھا اور اسے اس جرم میں استعمال کیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اس مؤقف پر ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد کنول کی رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالت کے حکم اور دیگر قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد کنول کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا، کنول مقدمے کی اگلی سماعت میں پیش ہو کر اپنا مؤقف بیان کرے گی، رہائی کے بعد کنول اپنے دیور کے ہمراہ گھر کے لئے روانہ ہو گئی۔