سبزیوں کی رسدبڑھ گئی آلو اور پیاز کی قیمتوں میں کمی

آلوکی ہول سیل قیمت 5 تا7 اور پیاز کی 8 تا10 روپے گھٹ گئی،سلیمان خواجہ


Business Reporter October 23, 2013
بدھ کو بھی سپرہائی وے کی سبزی منڈی میں آلوکے80 ٹرکوں اور پیاز کے78 ٹرکوں کی آمد ہوئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

مقامی تھوک منڈی میں آلو اور پیاز کی رسد بڑھنے کے نتیجے میں فی کلوگرام آلو کی قیمت 5 تا7 روپے گھٹ کر20 تا22 روپے فی کلوگرام جبکہ فی کلوگرام پیاز کی قیمت8 تا10 روپے کی کمی سے25 روپے فی کلوگرام ہوگئی ہے۔

ہول سیل ویجیٹیبل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان خواجہ نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ آلو اور پیاز کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ انکی رسد میں نمایاں اضافہ ہے، بدھ کو بھی سپرہائی وے کی سبزی منڈی میں آلوکے80 ٹرکوں اور پیاز کے78 ٹرکوں کی آمد ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منڈی میں ایکسپورٹ کوالٹی کی پیاز اور آلو کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔



ایکسپورٹ کوالٹی کے آلو کی قیمت گھٹ کر30 روپے فی کلوگرام جبکہ ایکسپورٹ کوالٹی پیاز کی فی کلوگرام قیمت گھٹ کر25 روپے ہوگئی، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں سال ملک میں14 لاکھ ٹن آلو کی پیداوار متوقع ہے جبکہ ملک میں آلو کی سالانہ کھپت11 لاکھ ٹن ہے، فی الوقت بلوچستان سے آلو کی رسد میں ہونے والے نمایاں اضافے کی وجہ سے قیمتیں کم ہوئی ہیں اورتوقع ہے کہ آنے والے دنوں میں آلو کی قیمتیں مزید کم ہوںگی کیونکہ نومبر کے آغاز میں صوبہ پنجاب میں بھی آلو کی کاشت کا عمل شروع ہو جائے گا۔