ٹماٹر تاحال 3 تا 4 سو روپے کلو فروخت، دیگر سبزیاں بھی قوت خرید سے باہر

بزنس رپورٹر  منگل 19 نومبر 2019
پیاز 80 تا 100روپے، آلو 50روپے، بھنڈی 120تا 140، مٹر 200 روپے، اروی، توری، ٹنڈے 120روپے میں فروخت (فوٹو: فائل)

پیاز 80 تا 100روپے، آلو 50روپے، بھنڈی 120تا 140، مٹر 200 روپے، اروی، توری، ٹنڈے 120روپے میں فروخت (فوٹو: فائل)

 کراچی: ایران سے ٹماٹر پاکستان پہنچنے میں تاخیر کے سبب شہر میں ٹماٹر تاحال 3 تا 4 سو روپے میں فروخت کیا جارہا ہے دیگر سبزیاں بھی شہریوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔

سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت ایک جگہ برقرار ہے تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں خوردہ سطح پر ٹماٹر مختلف داموں پر فروخت ہورہا ہے، متوسط طبقے کی آبادی والے علاقوں میں ٹماٹر 300 روپے کے آس پاس جبکہ پوش علاقوں میں 400 روپے کی سطح تک فروخت ہونے لگا ہے۔

کراچی سبزی منڈی میں بلوچستان کا ٹماٹر درجہ اول 250 روپے کلو جبکہ درجہ دوم 180 روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے تاہم شہر بھر میں ٹماٹر 280 روپے کلو سے کم پر دستیاب نہیں ہے۔

طارق روڈ کی کمرشل مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمت 400 روپے فی کلو وصول کی جارہی ہے، شہری کلو کے بجائے ایک پاﺅ ٹماٹر خرید رہے ہیں، سبزی فروش کم مقدار میں ٹماٹر خریدنے والوں سے اور بھی زیادہ قیمت وصول کرتے ہیں۔

ادھر درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ ایران سے 4500ٹن ٹماٹر کی درآمد کے سودے کیے ہیں اب تک 989ٹن ٹماٹر پاکستان پہنچ چکا ہے تاہم ایران میں پیٹرول کی قیمتوں پر احتجاج کی وجہ سے ٹماٹر کی ترسیل متاثر ہونے اور تاخیر کا خدشہ ہے۔

آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق کراچی میں ٹماٹر کی یومیہ کھپت 20 ٹن کے لگ بھگ ہے کراچی کی یومیہ طلب پوری کرنے کے لیے 40 سے 50ٹرک ٹماٹر کی ضرورت ہے اتنی وافر مقدار میں بلاتعطل ترسیل ہونے تک ٹماٹر کی قیمت مناسب سطح پر نہیں آسکتی۔

ادھر ٹماٹر کے علاوہ پیاز، آلو، مٹر، بھنڈیاں اور دیگر سبزیاں بھی من مانی قیمت پر فروخت ہورہی ہیں، پیاز 80 تا 100روپے کلو، آلو 50روپے ، بھنڈی 120تا 140روپے، مٹر 200روپے ، اروی، توری، ٹنڈے 120روپے، پالک 60روپے، شلجم، چقندر، گوبھی 100روپے جبکہ کھیرا70 سے 80روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔