چین میں سرگرم تین انتہا پسند تنظیموں پر پابندی

چین پاکستان کا آزمودہ ہمسایہ ہے اسلئے ہماری زمین کو چین کے خلاف کارروائی سے پاک کرنا ضروری ہے۔


Editorial October 24, 2013
حکومت پاکستان نے ان انتہا پسند تنظیموں پر پابندی عائد کر کے درست اقدام کیا ہے۔ فوٹو: فائل

حکومت پاکستان نے چینی حکومت کے مطالبے پر چین کے صوبے سنکیانگ میں سرگرم تین شدت پسند اسلامی تنظیموں کو کالعدم قرار دیدیا ہے۔ ان تنظیموں میں ایسٹ تُرکستان اسلامی موومنٹ (ای ٹی آئی ایم)' اسلامک موومنٹ آف ازبکستان (آئی ایم یو) اور اسلامک جہاد یونین (آئی جے یو) شامل ہیں۔ چین پاکستان کا ہمسایہ ہی نہیں آزمودہ دوست ملک ہے۔ کوئی ایسی تنظیم یا فرد جو پاکستان کی سرزمین سے چین کے کسی علاقے میں دہشت گردی کی کوئی کارروائی کرتا ہے تو اسے ہر قیمت پر روکا جانا چاہیے۔

افغان جنگ کے دوران وسط ایشیاء اور دیگر علاقوں کے کئی گروپ حالات کا فائدہ اٹھا کر پاکستان کے قبائلی علاقوں میں روپوش ہو گئے اور انھوں نے وہاں سے اپنی کارروائیاں شروع کر دیں' ان کی اس قسم کی سرگرمیوں کے باعث پاکستان کے لیے اندرونی اور بیرونی سطح پر بہت زیادہ مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ اخباری اطلاعات کے مطابق حکومت چین نے اس حوالے سے حکومت پاکستان کو آگاہ کیا ہے' اس تناظر میں دیکھا جائے تو حکومت پاکستان نے ان انتہا پسند تنظیموں پر پابندی عائد کر کے درست اقدام کیا ہے۔

پاکستان کو اس حوالے سے مزید سخت پالیسی اختیار کرنی چاہیے تا کہ کوئی شدت پسند گروپ پاکستان میں اپنی بیس قائم نہ کر سکے۔ کوئی قوم اگر کسی دوسری قوم سے آزادی یا حقوق لینا چاہتی ہے تو یہ اس کا حق ہے لیکن اس مقصد کے حصول کے لیے اسے اپنے علاقوں میں رہ کر جائز اور قانونی جدوجہد کرنی چاہیے۔ سنکیانگ کے مسلمان ہوں یا چیچنیا کے مسلمان' انھیں اپنی جدوجہد کو سیاسی انداز میں آگے بڑھانا چاہیے' دہشت گردی ایک مجرمانہ فعل ہے' اسے کسی صورت معاف نہیں کیا جانا چاہیے۔