شام میں کار بم دھماکے کے باعث 10 افراد ہلاک

تل ابیض میں رواں ماہ یہ تیسرا کار بم دھماکا ہے


ویب ڈیسک November 23, 2019
کار بم دھماکے میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : فائل

شام میں ترک سرحد کے نزدیکی شہر تل ابیض میں بارودی مواد سے بھری ایک کار کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تل ابیض میں ہفتے کے روز کار بم دھماکے میں 10 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ اس سرحدی شہر پر ترکی کی فوج کا کنٹرول ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

ترک وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں حملے کی ذمہ داری کرد جنگجوؤں پر عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کار دھماکا صنعتی علاقے میں کیا گیا ہے، کرد باغی مسلسل امن معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ تل ابیض میں یہ اس ماہ یہ تیسرا کار بم دھماکا ہے۔

دوسری جانب ترک فوج نے الرقہ کے شمال میں واقع قصبے عین عیسیٰ میں کارروائی کی جس کے دوران کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس علاقے پر شامی حکومت کا مکمل کنٹرول ہے، اس کے باوجود اس علاقے میں ایک ہفتے میں 9 بم دھماکے ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ترک فوج نے شام میں کردوں کے علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے سرحدی علاقوں تل ابیض اور راس العین کے بیشتر حصوں پر قبضہ حاصل کر لیا ہے تاہم امریکا کی مداخلت پر کرد جنگجو اور ترکی نے پیش قدمی روک کر امن معاہدے پر اتفاق کرلیا تھا۔