کورنگی ٹینری زون کے کمبائنڈٹریٹمنٹ پلانٹ کی بندش کانوٹس

تحقیقات کاحکم،زون میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، کمشنرکراچی شعیب صدیقی


Business Reporter October 26, 2013
کمشنر کراچی نے اس موقع پر ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ ٹینری زون میں ترقیاتی کام اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے کورنگی ٹینری زون کے کمبائنڈ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ٹینری زون کورنگی صنعتی علاقے میں واقع چمڑے کی صنعتوں کے فضلے کو صاف کرکے سمندر میں پھینکنے والے پلانٹ کوکے ایم سی کے ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔ وفاق ایوانِ صنعت و تجارت کے قائم مقام صدر گلزار فیروز نے کمشنر کراچی کو آگاہ کیا کہ کے ایم سی کے ٹھیکیدار نے پلانٹ کی پائپ لائن کو علاقے میں کھدائی کے دوران نصف کلو میٹر تک اکھاڑ دیا ہے جس کے باعث نہ صرف پلانٹ بند ہو گیا ہے بلکہ تقریباً 60 لاکھ روپے کا نقصان بھی ہوا ہے۔



کمشنر کراچی نے اس موقع پر ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ ٹینری زون میں ترقیاتی کام اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اینڈ کوآرڈینیشن بورڈ تشکیل دیا ہے جس کی ہفتہ وار میٹنگز میں تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان شرکت کرتے ہیں اور ان تمام معاملات کو آئندہ اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔

اس موقع پر پاکستان ٹینری ایسوسی ایشن ساؤتھ زون کے چیئرمین فواد جاوید نے کہا کہ ٹینری زون جو ملک کو 100 ارب روپے سے زیادہ برآمدات دیتا ہے کئی سال سے پانی سے محروم ہے اور علاقے میں گورنر سندھ کے خصوصی احکام کے بعد 4 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے ڈالی گئی پائپ لائن کے باوجود کراچی واٹر بورڈ نے پانی کی فراہمی شروع نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ چمڑا چورنگی روڈ پر بے تحاشہ تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہے جبکہ روڈ 5000 کی تعمیر بھی PC-I کی منظوری کے باوجود ابھی تک شروع نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹینری زون سے صنعتی فضلے کو ٹھکانے لگانے کا بھی باقاعدہ انتظام کیا جائے۔