پوپ فرانسس کی سچ بیانی

پوپ فرانسس نے انسانیت کی بقا کے لیے عالمی قوتوں کی توجہ ایک انتہائی حساس مسئلے کی جانب دلائی ہے۔


Editorial November 26, 2019
پوپ فرانسس نے انسانیت کی بقا کے لیے عالمی قوتوں کی توجہ ایک انتہائی حساس مسئلے کی جانب دلائی ہے۔ فوٹو : ٹویٹر

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے جاپان کے شہر ناگاساکی میں ایک تقریب سے خطاب میں عالمی طاقتوں کی توجہ ایٹمی ہتھیاروں کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ انھیں اپنے جوہری ہتھیار تلف کر دینے چاہئیں، ایٹمی اور وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار امن کی خواہش پوری نہیں کر سکتے، ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہم چاہے جتنا بھی بولیں وہ کم ہے۔ ایک ایسی دنیا جہاں کروڑوں بچے اور خاندان غیر انسانی حالات میں رہتے ہیں، وہاں تباہ کن اسلحے کی تیاری پر پیسے خرچ کرنا اور ان کی فروخت سے نفع حاصل کرنا خدا کے قہر کو دعوت دینا ہے۔

پوپ فرانسس نے جوہری ہتھیاروں کی تلفی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں خوف اور عدم اعتماد کے ذریعے تحفظ کے جھوٹے احساس کو فروغ دے کر استحکام اور امن یقینی بنانے کا دفاع کیا جاتا ہے، انسانیت کے مکمل خاتمے کا خوف اور امن و بین الاقوامی استحکام کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔ پوپ فرانسس نے انسانیت کی بقا کے لیے عالمی قوتوں کی توجہ ایک انتہائی حساس مسئلے کی جانب دلائی ہے۔

یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ تقریباً تمام عالمی قوتیں جوہری ہتھیاروں کی حامل ہیں اور انھوں نے اپنی قوت میں اضافہ کرنے کے لیے ان ہتھیاروں کے انبار لگا رکھے ہیں جس پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ ہوتے ہیں' جہاں ان ہتھیاروں کی تیاری پر خطیر سرمایہ صرف ہوتا ہے وہاں ان کی حفاظت اور دیکھ بھال پر بھی سرمایہ کروڑوں ڈالر تک جا پہنچتا ہے۔ اگر یہی سرمایہ انسانوں کی فلاح اور ترقی پر خرچ کیا جائے تو کوئی شبہ نہیں کہ دنیا میں اس وقت جو بڑے پیمانے پر بھوک اور غربت دکھائی پڑ رہی ہے وہ ختم ہو جائے۔ یہ عالمی قوتوں کی منافقانہ پالیسی ہے کہ ایک جانب وہ انسانی حقوق کے تحفظ کا نعرہ بلند کرتے ہیں۔

دنیا میں پولیو' ٹائیفائیڈ اور دیگر بیماریوں کے علاوہ بھوک اور غربت کے خاتمے کا پروگرام پیش کرتی ہیں تو دوسری جانب کمزور ممالک کے استحصال اور انھیں اپنے زیردست رکھنے کے لیے ایٹمی سمیت دیگر خوفناک ہتھیاروں کے انبار لگا رہی ہیں۔

پوپ فرانسس نے عالمی قوتوں کی اسی منافقانہ اور دوغلی پالیسی کو بے نقاب کرتے ہوئے بالکل سچ کہا کہ دنیا میں خوف اور عدم اعتماد کے ذریعے تحفظ کے جھوٹے احساس کو فروغ دے کر استحکام اور امن یقینی بنانے کا دفاع کیا جاتا ہے۔ اگر دنیا سے غربت اور بیماریوں کا خاتمہ کرنا ہے تو عالمی قوتوں کو اپنے ایٹمی ہتھیار تلف کر کے وہ رقم انسانیت کی فلاح پر خرچ کرنا چاہیے۔

مقبول خبریں