سیلز ٹیکس ریفنڈ میں مستقل تاخیر برآمد کنندگان مضطرب

بانڈ پرکوئی حکومتی ضمانت نہ ہونے کے باعث بینکوں نے اسے قبول نہیں کیا


Ehtisham Mufti November 26, 2019
حکومت ریفنڈ کلیموں کی نقد ادائیگیوں کے اعلان پر 100فیصد عمل درآمد کویقینی بنائے، سربراہ پاکستان اپیرل فورم جاوید بلوانی ۔ فوٹو: فائل

BRISBANE: وفاقی حکومت کی جانب سے نئی متعارف کردہ اسکیمیں ناکام ہونے اور زیرالتوا سیلزٹیکس ریفنڈز میں مستقل تاخیرکی وجہ سے ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں کے برآمدکنندگان میں اضطراب بڑھتا جا رہا ہے۔

حکومت نے برآمدکنندگان کے زیرالتوا سیلزٹیکس ریفنڈزواجبات کی ادائیگی کیلیے جاری کردہ آن لائن سیلزٹیکس ریفنڈ بانڈز کو بھی واپس لے لیا ہے جو 8 ماہ قبل متعارف کرایاگیا تھا اور برآمدکنندگان کو 31 مئی 2019 سے سیلزٹیکس ریفنڈ بانڈز کااجرا کیا گیا تھا۔

پاکستان اپیرل فورم کے سربراہ جاوید بلوانی نے ایکسپریس کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ سیلزٹیکس ریفنڈ بانڈز اسکیم برآمدکنندگان کیلیے ناکارہ ثابت ہوئی کیونکہ اس بانڈ پر کوئی حکومتی ضمانت نہ ہونے کے باعث متعلقہ اکثریتی بینک بھی اسے قبول نہیں کررہے تھے البتہ نجی شعبے کے ایک بینک کی جانب سے 20 فیصدرعایت کی صورت کچھ ریفنڈ بانڈز بھنائے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے جن برآمدکنندگان کو سیلزٹیکس ریفنڈ بانڈز انکے سی ڈی سی اکاونٹ میں فراہم کیے تھے انہیں آج دوبارہ وزارت خزانہ کو منتقل کر دیا گیا ہے اور بتایاجارہاہے کہ اب وفاقی حکومت برآمدکنندگان کو ریفنڈز کی مد میں 30ارب روپے نقد ادا کرے گی۔

نقد ریفنڈ کی ادائیگیوں کے لیے برآمدکنندگان کو14نومبر کو اسلام آباد طلب کیا گیا تھا لیکن ادائیگیوں کا عمل موخر کرتے ہوئے ان برآمدکنندگان کو20نومبر کو طلب کرکے انہیں باقاعدہ ادائیگیوں کے بجائے صرف پیمنٹ سلپس فراہم کیے گئے اور وعدہ کیاگیاتھاکہ25 نومبر کو جاری کردہ پیمنٹ سلپس کے عوض برآمدکنندگان کے بینک کھاتوں میں رقومات جمع کرا دی جائیں گی۔

جاوید بلوانی نے بتایا کہ مذکورہ برآمدکنندگان میں حکومت نے صرف 14 سرفہرست برآمدکنندگان کو پیمنٹ سلپس جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس ریفنڈ سمیت ڈی ایل ٹی ایل کی مد میں حکومت پر خطیر واجبات کی عدم ادائیگیوں سے چھوٹے ودرمیانے درجے کے برآمدکنندگان بدترین مالیاتی بحران سے دوچار ہو گئے ہیں اور وہ برآمدی آرڈرز دستیاب ہونے کے باوجود پیداواری عمل کو جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت برآمدی شعبے کے اعتماد کو بحال کرنے کی غرض سے ریفنڈ کلیموں کی نقد ادائیگیوں کے اعلان پر100فیصد عمل درآمد کویقینی بنائے۔

مقبول خبریں