مقبوضہ کشمیر میں باردوی سرنگ دھماکوں میں 2 افراد ہلاک 7 زخمی

بارودی سرنگ دھماکے ضلع اننت ناگ اور حضرت بل میں ہوئے


ویب ڈیسک November 26, 2019
اننت ناگ میں دھماکا اس وقت ہوا جب دیہاتیوں کی گھر واپسی کی سرکاری مہم جاری تھی۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں بارودی سرنگ کے دو مختلف دھماکوں میں 2 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پہلا دھماکا مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے بودسگام میں ہوا، جہاں دیہاتیوں کے اُن کے گھروں میں آبادکاری کی سرکاری مہم جاری تھی۔ دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

دوسرا دھماکا حضرت بل کے علاقے میں کشمیر یونیورسٹی کے نزدیک ایک مارکیٹ میں ہوا، دھماکا ہلکی نوعیت کا ہونے کے باعث 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 3 نوجوان شہید

سیکیورٹی حکام نے ابتدائی بیان میں دھماکوں کو گرنیڈ حملے قرار دیا تھا، بعد ازاں موقف تبدیل کرتے ہوئے بتایا کہ ہلکی نوعیت کے یہ دھماکے بارودی سرنگ کے تھے جس کا مقصد خوف و ہراس پیدا کرنا تھا۔

دوسری جانب قابض بھارتی فوج نے ضلع پلواما میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ 4 نوجوانوں کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے سخت سیکیورٹی اور قدم قدم پر بھارتی فوج کے اہلکار کی تعیناتی ہونے کے باوجود وادی میں اب تک 5 سے زائد گرنیڈ حملوں میں پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد کا ہلاک اور درجن سے زائد کا زخمی ہونا معنی خیز ہے۔