محبت کا پیغام مسترد کرنے پر لڑکی نے لڑکے پر تیزاب پھینک دیا

پولیس نے لڑکی کو حراست میں لے لیا ہے


ویب ڈیسک November 27, 2019
تیزاب سے لڑکے کی آنکھوں کو نقصان پہنچا ہے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

بھارت میں یک طرفہ محبت میں مبتلا لڑکی نے انکار کرنے پر لڑکے کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اوڈیشا میں ایک لڑکی نے محبت کے پیغام کو قبول نہ کرنے پر اپنے دوست کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔ نوجوان کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، لڑکے کی آنکھوں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ پولیس نے لڑکی کو حراست میں لے لیا ہے۔

تیزاب گردی کا شکار ہونے والے نوجوان الیخ بارک نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ لڑکی کئی دنوں سے پیچھے پڑی ہوئی تھی اور محبت کا اظہار کررہی تھی، میرے انکار پر انتقاماً تیزاب پھینک دیا تاہم علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ لڑکا بھی لڑکی میں دلچسپی لیتا تھا اور دونوں کو کئی بار ایک ساتھ گھومتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔

جگت پور پولیس کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ لڑکے کا بیان قلم بند کرلیا ہے اور لڑکی سے بھی تھانے میں تفتیش کی جارہی ہے، کیس کا ہر پہلو سے جائزہ لیکر ذمہ دار کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔