پی سی بی کے کئی دیگر ’’پرانے چہرے‘‘ بھی خطرے میں

سلیم خالق  ہفتہ 30 نومبر 2019
انتظامیہ آئندہ چند ماہ میں مزید تبدیلیاں کرے گی،سبحان پرتاخیری حربوں کا الزام
 فوٹو:فائل

انتظامیہ آئندہ چند ماہ میں مزید تبدیلیاں کرے گی،سبحان پرتاخیری حربوں کا الزام فوٹو:فائل

کراچی: سی او او سبحان احمد کی رخصتی کے بعد پی سی بی میں کئی دیگر ’’پرانے چہرے‘‘ بھی خطرے میں آ گئے ہیں، انتظامیہ آئندہ چند ماہ میں مزید تبدیلیاں کرے گی۔

پی سی بی میں طویل عرصے خدمات انجام دینے والے  چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے گذشتہ دنوں استعفیٰ دے دیا تھا، وہ چیئرمین احسان مانی اور سی ای او وسیم خان کا اعتماد کھو بیٹھے لہٰذا عہدہ چھوڑنے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ سبحان کے بعد بعض دیگر پرانے آفیشلز بھی خطرے میں ہیں، آئندہ چند ماہ کے دوران مزید تبدیلیاں دیکھنے میں آ سکتی ہیں۔ وسیم خان سب سے زیادہ اعتماد دبئی سے آئے ہوئے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی پر کرتے ہیں، حالیہ فیصلوں میں ان کی مشاورت بھی شامل ہے۔

سبحان احمد کے بارے میں یہ اطلاعات زیرگردش ہیں کہ وہ جان بوجھ کر بورڈ کے معاملات تاخیر کا شکار کر رہے تھے جس سے وسیم خان ناراض ہو گئے،انھیں یہ بھی خدشہ تھا کہ سبحان کے ہوتے ہوئے وہ کھل کر فرائض انجام نہیں دے سکتے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مستعفی سی او او کے پاس جاتے وقت صرف انفرااسٹرکچر، لیگل، سیکیورٹی اور ایڈمنسٹریشن کے امور ہی باقی رہ گئے تھے، ماضی میں وہ پی سی بی میں طاقت کا سرچشمہ ہوا کرتے تھے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سبحان احمد کی رخصتی کے بعد بعض دیگر آفیشلز خود کو غیرمحفوظ سمجھ رہے ہیں،انھیں اپنی فون کالز کے حوالے سے بھی بعض خدشات ہیں، ماضی میں بھی اس قسم کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔