ملک پر عمران خان کی قیادت میں 40 چوروں کا مافیا مسلط ہے ترجمان ن لیگ

عمران خان بتائیں ایک سال میں چوروں اور ڈاکووں کے لوٹے ہوئے کتنے ارب واپس آئے ہیں، مریم اورنگزیب


ویب ڈیسک November 30, 2019
کے ذہنی سموگ کی وجہ سے ملک کی معیشت ، روزگار، کاروبار پربھی سموگ چھائی ہے، ، مریم اورنگزیب۔ فوٹو:فائل

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں چالیس چوروں کا مافیا ملک پہ مسلط ہے اور وہ خود جنہیں چور، ڈاکو اور مافیا کہہ رہے ہیں عوام انہیں جھولیاں اُٹھا کر دعائیں دے رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان "پلے نہیں دھیلہ تے کردی میلہ میلہ " کی بہترین مثال ہیں، ان کے جھوٹے دعوے صرف الہ دین کا چراغ ہی پورے کر سکتا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں چالیس چوروں کا مافیا ملک پہ مسلط ہے، اور وہ خود جنہیں چور، ڈاکو اور مافیا کہہ رہے ہیں عوام انہیں جھولیاں اُٹھا کر دعائیں دے رہے ہیں، عمران خان عوام کو بتائیں ایک سال میں چوروں اور ڈاکووں کے لوٹے ہوئے کتنے ارب واپس آئے ہیں، 30 سال سے جن پر الزام لگا رہے ہیں، اُن کے چوری کئے ہوئے 30 پیسے ہی دکھا دیں۔

ترجمان (ن) لیگ نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی اورنج ٹرین تو 10 دسمبر کو شروع ہو رہی ہے عمران خان بتائیں کہ پشاور میٹرو کے 1 ارب کے کھڈے کب بھریں گے؟ لاہور میں درخت لگانے سے پہلے بتائیں خیبرپختونخواہ کے ایک ارب سلیمانی ٹوپی پہنے درخت کہاں غائب ہیں؟ پشاور میٹرو ، ایک ارب درخت ، ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر اب الہ دین کا چراغ ہی دے گا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان بتائیں ایک سال میں سموگ کے خاتمے کے لئے کون سی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ؟ جب تک عمران خان کا ذہنی سموگ ختم نہیں ہوگا زمینی سموگ ختم ہونا نا ممکن ہے، ان کے ذہنی سموگ کی وجہ سے ملک کی معیشت ، روزگار، کاروبار پربھی سموگ چھائی ہے، وہ پہلے اپنی ذہنی سموگ کا علاج کروائیں۔