پی ایس اوکا سہ ماہی منافع81 فیصد بڑھ کر78 ارب روپے ہوگیا

جولائی سے ستمبر تک ٹرن اوور ریکارڈ364ارب روپے اور مارکیٹ شیئر63.8 فیصد رہا


Business Reporter October 28, 2013
کمپنی نے منافع کے باوجود گردشی قرضوں کو جواز بناتے ہوئے حصص یافتگان کے لیے ڈیویڈنڈ کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ۔فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر) کے دوران81فیصد اضافے سے7.8ارب روپے کے خالص منافع کا اعلان کیا ہے،گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران کمپنی کا خالص منافع4.3ارب روپے رہا تھا ۔

تاہم کمپنی نے منافع کے باوجود گردشی قرضوں کو جواز بناتے ہوئے حصص یافتگان کے لیے ڈیویڈنڈ کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز پی ایس او کے بورڈ آف مینجمنٹ اجلاس میں سال 2013-14 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ بورڈ کو بتایا گیا کہ مذکورہ مدت کے دوران پی ایس او نے12فیصد اضافے سے364ارب روپے کا ریکارڈ ٹرن اوور حاصل کیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران325ارب روپے تھا، مذکورہ مدت کے دوران کمپنی نے63.8فیصد کے مجموعی شیئرز کے ساتھ مارکیٹ لیڈر شپ برقرار رکھی۔



بلیک آئل اور وائٹ آئل میں بالترتیب 75.9اور 52.5فیصد مارکیٹ شیئر رہا،کمپنی کی باٹم لائن پر سیلز کی بہتری کے مثبت اثرات جزوی طور پر متاثر ہوئے جس کا سبب امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی تیزی سے گرتی ہوئی قدر تھی جو تقریباً6.7فیصد تھی، اس کے نتیجے میں ایکس چینج کا نقصان3.7ارب روپے ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران0.4ارب روپے تھا، یوں کمپنی کی مالیاتی لاگت میں 10فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔