امریکا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ 3 اہلکار ہلاک

ہیلی کاپٹر کو مرمت اور اپ گریڈنگ کے بعد تجرباتی پرواز کیلیے اُڑایا گیا تھا


ویب ڈیسک December 06, 2019
مینیسوٹا کے گورنر ٹم والز نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو ہیرو قرار دے دیا۔ فوٹو : فائل

امریکا میں ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں نیشنل گارڈز کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست مینیسوٹا میں امریکی فوج کی ریزرو فورس 'یو ایس نیشنل گارڈز' کے ایک ہیلی کاپٹر نے مرمت کے بعد تجرباتی پرواز بھری تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلیے سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے دوران ایک جنگل میں ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے، حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حادثے کی تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

مینیسوٹا کے گورنر ٹم والز نے کرسمس کی مناسبت سے پروگرام کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اہلکاروں کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ٹم والز خود بھی سابق فوجی ہیں۔