پی ایس ایل فائیو؛ تمام ٹیموں نے ملکی وغیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی

ویب ڈیسک  جمعـء 6 دسمبر 2019
لاہور قلندرز کی قیادت اس بار سہیل اختر کریں گے

لاہور قلندرز کی قیادت اس بار سہیل اختر کریں گے

 لاہور: پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کی ڈرافٹنگ تقریب نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوئی۔ 

پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کی ڈرافٹنگ تقریب نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوئی جس میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان سمیت تمام فرنچائز کے مالکان اور دیگر عہدیداران سمیت کوچنگ اسٹاف شریک ہوا جب کہ تقریب میں قومی کرکٹرز سمیت شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلی بار پاکستان سپرلیگ کا حصہ بننے والے جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین، نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بلے باز کولن منرو اور پچھلے سیزن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے کولن انگرم کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد ہی کریں گے جب کہ انہوں نے انگلش اوپنر جیسن روئے اور آسٹریلوی لیگ اسپنر فواد احمد کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پشاور زلمی میں سب سے بڑی انٹری ملتان سلطانز کے سابق کپتان شعیب ملک کی ہوئی ہے پچھلے سیزن میں کراچی کنگز سے کھیلنے والے لیام لیونگ اسٹون کو بھی پشاور میں شامل کیا گیا ہے۔

کراچی کنگز کی قیادت آل راؤنڈر عماد وسیم کریں گے جب کہ انہوں نے پچھلا سیزن پشاور زلمی سے کھیلنے والے انگلش بولر کرس جورڈن، انگلش اوپننگ بلے باز الیکس ہیلز اور فکسنگ اسکینڈل میں سزا مکمل کرنے والے شرجیل خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

ملتان سلطانز نے انگلش آل راؤنڈر معین علی اور لیگ اسپنر عثمان قادر، جنوبی افریقا کے مایہ ناز اسپنر عمران طاہر کو ٹیم میں منتخب کیا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پچھلا سیزن کھیلنے والے ریلی روسو اور روی بوپارا کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

لاہور قلندرز کی قیادت اس بار سہیل اختر کریں گے جب کہ انہوں نے کراچی کنگز سے عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔