سعودی عرب 8 لاکھ پاکستانیوں نے قانونی دستاویزات حاصل کرلیں

3 نومبرکی مہلت ختم ہونے سے قبل ہی دستاویزات کی درستی بڑی کامیابی ہے، خادم حرمین اورسعودی حکام نے تعاون کیا، سفیر


APP October 30, 2013
4 لاکھ پاکستانیوں نے اپنی اسپانسرشپ،3 لاکھ30 ہزارسے زائد نے پروفیشنز تبدیل کیے،80 فوکل پوائنٹس قائم کیے ہیں،پاکستانی سفیر

سعودی عرب میں مقیم8 لاکھ پاکستانی باشندوں نے3 نومبر کو مہلت ختم ہونے سے قبل مطلوبہ قانوی دستاویزات حاصل کرلیں۔

یہ بات سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر محمد نعیم خان نے عرب نیوز کو ایک انٹرویو میں بتائی۔ پاکستانی سفیر نے غیر ملکیوں کودستاویزات کی درستی کیلئے دی گئی مہلت میں3 نومبر تک توسیع اور پاکستانی باشندوں کی سعودی عرب میں قیام کے حوالے سے دستاویزات کی درستی میں تعاون میں خادم حرمین الشریفین، ولی عہد شہزادہ سلمان،سعودی وزیرداخلہ ،وزیرخارجہ،وزیر برائے امیگریشن اور دیگر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کی یہاں قیام کے بارے میں دستاویزات کی درستی ایک بڑی کامیابی ہے۔7 لاکھ30 ہزار پاکستانیوں نے ڈیڈ لائن کے خاتمے سے قبل ہی اپنی دستاویزات مکمل کرالی ہیں۔ اس سلسلے میں4 لاکھ پاکستانیوں نے اپنی اسپانسر شپ تبدیل کی ہے جبکہ3 لاکھ30 ہزار سے زیادہ نے اپنے پروفیشنز تبدیل کیے ہیں۔ ان پاکستانیوں میں حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے والوں کے ساتھ ساتھ یہاں بطور ڈرائیور، مالی، چوکیدار اور گھریلو ملازم کام کرنے کے لیے آنے والے شامل ہیں۔



پاکستانی سفیر نے کہا کہ3 نومبر تک مزید پاکستانی باشندے اپنی دستاویزات درست کرا سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ مہلت ختم ہونے کے بعد نا مکمل دستاویزات والے پاکستانی باشندوں کے لیے مزید مہلت حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے سے ملک بھر میں 80 فوکل پوائنٹس قائم کیے ہیں۔ ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ اور جدہ،الخبر،دمام،جبیل اوردیگر سعودی شہروں میں قائم پاکستانی اداروں میں جاب فیئرزکا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان سفارت خانہ کے تمام ملازمین دن رات کام کررہے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے اس موقع پر رضا کارانہ خدمات پیش کرنے والوں کے جذبے کو بھی سراہا اور کہا کہ ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں400 سے زیادہ کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی ہے جو پاکستانیوں کو مختلف شعبوں میں روزگار فراہم کریں گی۔ مہلت ختم ہونے کے بعد سعودی عرب میں غیرقانونی طور پر مقیم کسی بھی غیر ملکی کو2 سال قید اور ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کی سزا دی جا سکے گی۔