جاوید میانداد اور بندولا ورناپورا راولپنڈی ٹیسٹ کے مہمان خصوصی ہوں گے

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 8 دسمبر 2019
پی سی بی سابق کرکٹرز کی خدمات کے اعتراف میں ایسے اقدامات اٹھاتا رہے گا، احسان مانی

پی سی بی سابق کرکٹرز کی خدمات کے اعتراف میں ایسے اقدامات اٹھاتا رہے گا، احسان مانی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جاوید میانداد اور بندولا ورناپورا مہمان خصوصی ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے سابق کپتان بندولا ورنا پورا اور قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کو بطور مہمان خصوصی راولپنڈی ٹیسٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ دونوں سابق کپتانوں کی کرکٹ کے لیے خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ مارچ 1982 میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔  میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت جاوید میانداد اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کی قیادت بندولا ورناپورا نے  کی تھی۔ میچ میں پاکستان نے 204 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میزبان ٹیم نے میچ کی پہلی اننگز میں 396 اوردوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 344 اور دوسری اننگز میں 149 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

جاوید میانداد اور بندولا ورنا پورا دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان 11 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے قبل 10 دسمبر کو سیریز کی ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ کے پہلے روز کھانے  کے  وقفے کے دوران دونوں سابق کرکٹرزکی خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا دعوت نامہ قبول کرنے پر وہ دونوں سابق کپتانوں کے مشکور ہیں جو اپنے مصروف شیڈول میں سے وقت نکال کر پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ اور اس کے مداحوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ 11دسمبر قومی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم دن ہے اور وہ  جاوید میانداد اور بندولا ورنا پورا کے ساتھ مل کر اس کا جشن منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ آئیکونز ہیں جن کی کرکٹ کے لیے خدمات کا کوئی ثانی نہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ سابق کرکٹرز کی خدمات کا معترف ہے اور یہ اس کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی سابق کرکٹرز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھاتا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔