کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 2 ارکان کی چپقلش سے بے یقینی 58 فیصد حصص کے بھاؤ گرگئے

100 انڈیکس33.95 پوائنٹس کے اضافے سے22310.60 ہوگیا، حصص کی مالیت میں 5 ارب11 کروڑ16لاکھ روپے کا اضافہ


Business Reporter October 31, 2013
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کے بیشتر شعبے دواسٹاک ممبران کے درمیان باہمی جنگ کی وجہ سے مارکیٹ میں بڑی نوعیت کی ڈیل سے کترارہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن/ فائل

دواسٹاک ممبران کے درمیان باہمی چپقلش کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاری کے متعدد شعبوں نے محتاط طرز عمل اختیار کرلیا ہے۔

جبکہ چھوٹے سرمایہ کار مارکیٹ سے آؤٹ ہوگئے ہیں، بدھ کو طویل دورانیے کے بعد کراچی اسٹاک ایکس چینج میں رونما ہونے والی محدود پیمانے پر تیزی کے باوجود58.10 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں تاہم انڈیکس میں اضافے کے نتیجے میںحصص کی مالیت میں5 ارب11 کروڑ16 لاکھ28 ہزار672 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کے بیشتر شعبے دواسٹاک ممبران کے درمیان باہمی جنگ کی وجہ سے مارکیٹ میں بڑی نوعیت کی ڈیل سے کترارہے ہیں جسکی وجہ سے مارکیٹ میں غیریقینی کیفیت طاری ہے تاہم بدھ کو عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی کے علاوہ فوجی فرٹیلائزر کے اچھے مالیاتی نتائج، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل کی اچھی کارکردگی نے مارکیٹ میں محدود پیمانے پر تیزی پیدا کرنے میں معاونت کی، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر23 لاکھ15 ہزار359 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔



جبکہ غیرملکیوں کی جانب سے8 لاکھ63 ہزار643 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے2 لاکھ65 ہزار510 ڈالراور میوچل فنڈز کی جانب سے11 لاکھ86 ہزار205 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس33.95 پوائنٹس کے اضافے سے22310.60 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس48.77 پوائنٹس کے اضافے سے 16965.71 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 236.15 پوائنٹس کے اضافے سے37945.64 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 14.40فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر9 کروڑ16 لاکھ67 ہزار110 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار327 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں108 کے بھاؤ میں اضافہ 190 کے داموں میں کمی اور29 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں ایبٹ لیبارٹریز کے بھاؤ15.86 روپے بڑھ کر439 روپے اور مچلز فروٹ کے بھاؤ15.67 روپے بڑھ کر 456.67 روپے ہوگئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھاؤ 219.69 روپے کم ہوکر 4265.44 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ54.67 روپے کم ہوکر1725.33 روپے ہوگئے۔