حکومت سندھ نے وائس چانسلرز کا اجلاس طلب کرلیا چانسلر سیکریٹریٹ گورنر ہاؤس لا تعلق

اجلاس حکومت سندھ نے تلاش کمیٹی کے تقرر کے بعد بلایا ہے، سرکاری جامعات کے وائس چانسلر کو تیاری کیساتھ شرکت کی ہدایت


Safdar Rizvi October 31, 2013
سرکاری جامعات کے سیکیورٹی ، انتظامی معاملات اور مالی مسائل پر غور ہوگا، اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کرینگے۔ فوٹو: فائل

صوبے کی سرکاری جامعات کے ترمیمی بل کی منظوری اور یونیورسٹیز کا انتظامی کنٹرول گورنر ہاؤس سے حکومت سندھ کو منتقلی کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے سرکاری جامعات کے وائس چانسلر کا اجلاس آج جمعرات کو طلب کرلیا ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس کی متوقع صدارت وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کریں گے اجلاس سے سرکاری جامعات کے چانسلر سیکریٹریٹ گورنر ہاؤس کو لاتعلق رکھا گیا ہے یہ اجلاس حکومت سندھ کی جانب سے وائس چانسلرسمیت دیگرعہدوں پرتقرر کے لیے بنائی گئی نئی ''تلاش کمیٹی'' کے قیام کے چند روز بعد بلایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گورنر سندھ کی تلاش کمیٹی غیرفعال کیے جانے کے بعدگزشتہ ہفتے سندھ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر،رجسٹراراوردیگر اہم عہدوں پر تقرری کیلیے بنائی گئی تلاش کمیٹی میں عذرا پیچوہو، ڈاکٹر عاصم حسین اور مظہرالحق صدیقی کو کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا جس کے بعد وائس چانسلرز کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔



اجلاس میں سندھ کی سرکاری جامعات میں سیکیورٹی صورتحال، انتظامی معاملات اور مالی مسائل پر غور متوقع ہے اور اس سلسلے میں سندھ کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلر کو تینوں موضوعات پر تفصیلی پریزنٹیشن اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس نوعیت کا اجلاس گزشتہ ہفتے گورنر ہاؤس میں بھی ہوا تھا جس کی صدارت سرکاری جامعات کے چانسلر گورنر سندھ نے کی تھی، امید کی جارہی ہے کہ وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں سرکاری جامعات کے مالی مسائل کے حوالے سے حکومت کی واضح حکمت عملی سامنے آئے گی۔

مقبول خبریں