راولپنڈی اسٹیڈیم کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم

ذوالفقار بیگ / اسپورٹس رپورٹر  بدھ 11 دسمبر 2019
آمدورفت میں پریشانی کے باوجود شائقین ملک میں کرکٹ کی بحالی پر خوش

آمدورفت میں پریشانی کے باوجود شائقین ملک میں کرکٹ کی بحالی پر خوش

 راولپنڈی: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم کردیا گیا جب کہ میچ کے دوران فوج، رینجرزاور پولیس سمیت  قانون نافذ کرنے والے ادارے مستعد رہیں گے۔

پہلے ٹیسٹ کیلیے سیکورٹی اداروں نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، ٹیموں کے روٹس اور اسٹیڈیم کے اطراف میں ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھتے ہوئے چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، فوج، رینجرز اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اپنی ڈیوٹیز سنبھالے ہوئے ہیں،میڈیا کے افراد کو بھی گذشتہ روز مکمل چھان بین کے بعد اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی گئی۔

ساتھ لائے جانے والے سامان کو چیک کرنے کے بعد اسٹیکرز چسپاں کیے گئے،سری لنکن صحافیوں کو بھی طریقہ کار کے مطابق کلیئر کرنے کے بعد ہی آنے دیا گیا، بدھ کو میچ دیکھنے کیلیے آنے والے شائقین کوداخلے سے  قبل سیکیورٹی مراحل سے گزرنا ہوگا،گذشتہ روز ٹیموں کی آمدو رفت کے موقع پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

بدھ کو بھی میٹروبس کے شیڈول میں تھوڑی تبدیلی ہوگی، ان مسائل کے باوجود بیشتر شہریوں نے کسی ناگواری کے بجائے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا آغاز راولپنڈی سے ہو رہا ہے،پی ایس ایل کے میچ پاکستان میں ہونگے تو ایک بار پھر رونقیں لگ جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔