اسلامک یونیورسٹی میں پروگرام پر طلبا تنظیم کا حملہ، ایک طالب علم جاں بحق اور 8 زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 12 دسمبر 2019
 تصادم سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا  (فوٹو: فائل)

تصادم سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبا کے پروگرام پر مخالف طلبا تنظیم نے حملہ کیا اور فائرنگ کردی نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے، رینجرز نے یونیورسٹی کا کنٹرول سنبھال لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جامعہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کی ایکسپو تقریب منعقد ہورہی تھی جس میں لیاقت بلوچ بطور مہمان خصوصی شریک تھے، اسی دوران سرائیکی اسٹوڈنٹ کونسل نے تقریب پر حملہ کردیا، تصادم کے نتیجے میں 9 طلبا زخمی جب کہ ایک طالب علم طفیل جاں بحق ہوگیا۔

زخمی طلبا میں مرتضی احمد،علی نقوی عمار، ضیا شفیق، اسامہ امیر، جمال، نعمان زمان، فیصل اقبال، عبدالرحمان اور معراج ملک شامل ہیں جبکہ لیاقت بلوچ کو باحفاظت وہاں سے نکال لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ طالب علم طفیل کی ہلاکت سر پر اینٹوں کا بلاک لگنے سے ہوئی، ہاسٹل کے اوپر سے مخالف طلباء نے اینٹیں پھینکیں، طفیل کا تعلق گلگت سے ہے اور وہ اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کا طالب علم تھا۔

ڈی آئی جی وقار الدین سید نے بتایا  کہ تصادم سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا  جس نے ہوسٹلز کی تلاشی لی۔ دریں اثنا واقعے کے بعد کل جامعہ میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے اور تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔