ارجنا راناٹنگا پاکستانی میدان دوبارہ آباد ہونے پر مسرور

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 14 دسمبر 2019
پی سی بی کو دیگر ٹیموں کو اپنے ملک میں مدعو کرنے میں بھی آسانی ہوگی
فوٹو: سوشل میڈیا

پی سی بی کو دیگر ٹیموں کو اپنے ملک میں مدعو کرنے میں بھی آسانی ہوگی فوٹو: سوشل میڈیا

کولمبو:  ارجنا راناٹنگا پاکستانی میدان دوبارہ آباد ہونے پر مسرور ہیں سری لنکا کے سابق عظیم کرکٹر نے کہاکہ پاکستانیوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا اب ہماری باری ہے میں خوش ہوں کہ ہماری ٹیم وہاں پر کھیل کا اصل فارمیٹ کھیل رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ جہاں پر ٹوٹا تھا 10 برس بعد وہیں سے جوڑ چکی ہے، آئی لینڈرز کو پہلی بار ورلڈ کپ چیمپئن بنوانے والے سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا بھی اس پر بہت خوش ہیں، انھوں نے کہا کہ میں اس بات پر بہت زیادہ مسرور ہوں کہ ہماری ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔

ہمارے کھلاڑیوں نے وہاں پر پانچ روزہ فارمیٹ کھیلنے کیلیے جاکر بہت بڑے دل کا مظاہرہ کیا، میرے خیال میں یہی کھیل کا اصل فارمیٹ  اور مجھے یقین ہے کہ اس سے پی سی بی کو دیگر ٹیموں کو اپنے ملک میں مدعو کرنے میں آسانی ہوگی، پاکستان کرکٹ کی مدد کرنے کی باری اب ہماری ہے۔

رانا ٹنگا  نے کہاکہ 1996 کے ورلڈ کپ میں جب خراب حالات کی وجہ سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سری لنکا کا دورہ کرنے سے انکار کیا تو پاکستان نے ہی اس وقت ہماری مدد کی تھی، ہم اس جذبہ خیر سگالی کو کبھی نہیں بھول سکتے۔

انھوں نے ثابت کیا کہ سری لنکا اور پاکستان کے کتنے قریبی تعلقات ہیں، ان کی وجہ سے ہی میگا ایونٹ میں ہمارا کھیل بہتر ہوا۔ یاد رہے کہ آئی لینڈرز کی جانب سے محدود اوورز کی پاکستان میں سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپسی پر بورڈ کے چند آفیشلز کے غلط بیانات پر بھی ارجنا رانا ٹنگا نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔