سرد ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ، ٹھنڈ کی لہر 3 دن جاری رہے گی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 18 دسمبر 2019
موجودہ سردی کی لہرگزشتہ دنوں آنیوالے نظام کاتسلسل ہے جس میں4ملی میٹربارش بھی ہوئی تھی۔ فوٹو: فائل

موجودہ سردی کی لہرگزشتہ دنوں آنیوالے نظام کاتسلسل ہے جس میں4ملی میٹربارش بھی ہوئی تھی۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں منگل کو شمال مشرقی سمت سے چلنے والی تیز ہواؤں سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی، آج پارہ مزید گرنے کی توقع ہے جب کہ سردی کی موجودہ لہر مزید 3 دن برقرار رہے گی۔

کراچی میں شمال مشرقی سمت سے چلنے والی بلوچستان اور کوئٹہ کی40کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی ہواؤں کے سبب سردی کی شدت مزید بڑھ گئی، منگل کو دن کے وقت بھی خنکی زیادہ رہی، تیز ہواؤں سے سردی کی شدت بڑھ گئی، آج بدھ کو بھی پارہ مزید گرنے کی توقع ہے، سردی کی موجودہ لہر مزید تین دن 20 دسمبرتک برقراررہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بلوچستان اور کوئٹہ کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی سرد ہواؤں کا سلسلہ برقرارہے، منگل کو ہواؤں کی رفتار میں زیادہ شدت محسوس کی گئی، ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار40کلومیٹرفی گھنٹہ رہی جس کی وجہ سے سردی اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو شہرکا کم سے کم درجہ حرارت 14ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی کئی ڈگری کمی سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، دن کے وقت ہوا میں نمی کاتناسب 25 فیصد اور صبح کے وقت 49 فیصد رہا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق موجودہ سردی کی لہرگزشتہ دنوں ملک میں داخل ہونے والے سسٹم کا تسلسل ہے جس کے نتیجے میں کراچی میں4 ملی میٹر بارش بھی ریکارڈ ہوچکی ہے۔ موجودہ سردی کی لہر مزید 3 دن 20 دسمبر تک برقراررہ سکتی ہے جس کے بعد مجموعی درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (بدھ) کو شہر کا موسم خشک اور رات سرد رہنے کی توقع ہے، بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت 14سے16ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔