اقلیتیں پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک / احسن کامرے  ہفتہ 21 دسمبر 2019
مسائل کا حل خود احتسابی میں ہے، پادری شاہد، خدا پاکستان میں امن کا بول بالا کرے، سبسٹین، کرسمس بھائی چارے کا دن ہے، شاہنواز۔ فوٹو: ایکسپریس

مسائل کا حل خود احتسابی میں ہے، پادری شاہد، خدا پاکستان میں امن کا بول بالا کرے، سبسٹین، کرسمس بھائی چارے کا دن ہے، شاہنواز۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: حضرت عیسیٰ ؑ امن کے شہزادے ہیں اور کرسمس محبت کا تہوار ہے لہٰذا اس دن کے پیغام کو سمجھتے ہوئے ہمیں آپس میں محبتیں بانٹنی چاہئیں۔

پاکستان کی سمت درست، اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جا رہا ہے، کرتار پور راہداری کا کھولنا رواداری کی عظیم مثال ہے ، کرسمس کے موقع پر پاکستان کی تمام اقلیتیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی  ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ’’کرسمس‘‘ پر ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔

سیکریٹری ہیومن رائٹس، حکومت پنجاب طارق محمود نے کہا کہ یہ شعور و آگہی کا دور ہے مگر غلط فہمیاں بڑھ رہی ہیں لہٰذا ہمیں خلیج کو کم کرنا ہے، جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کا ہے ، پرچم اس وقت سربلند ہوگا جب اس کے چوتھائی حصے کو سکون، سلامتی، خیر اور عافیت ہو گی۔

بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب امام مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا پاکستان میں جب بھی کسی بھی مذہب کے پیروکار کے ساتھ کوئی افسوسناک واقعہ ہو ا تو ہم نے مل جل کر مثبت کردار ادا کیا، وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں بہترین تقریر کی، ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی پرعیسائی و دیگر مذاہب کے پیروکاروں نے مذمت کی۔

آرچ بشپ سبسٹین شاہ نے کہا کہ خدا کی عبادت کیلئے ہاتھ اٹھانا آسان ہے مگر اپنے بازو اور ہاتھ دوسروں کی مدد کیلئے کھولنا مشکل ہوتا ہے، سانتا کلاز محبت اور خوشیاں بانٹنے کی علامت ہے، کرسمس پر اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے دعا گو، آج دنیا میں امن و رواداری کی ضرورت ہے،مسائل کا بہترین حل خود احتسابی میں ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان سب کا ہے، مسئلہ کشمیر پر انسانی حقوق کے علمبردار اداروں کا دہرا معیار رہا ہے، کرسمس کا پیغام انسانیت کی فلاح اور بہتری کو معیار بنانا ہے۔

نمائندہ سول سوسائٹی شاہنواز خان نے کہا کہ کرسمس امن، محبت اور بھائی چارے کا دن ہے،انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی طویل عرصہ سے انسانی حقوق کیلئے کام کر رہی ہے، ہمارا موقف ہے کہ پاکستان میں رہنے والے تمام لوگ برابر ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ مل کر ایک ایسا پاکستان تشکیل دیں جس میں سب برابر ہوں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔