ایل این جی کیس میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت منظور

جرم ثابت ہونے تک ملزم بےگناہ تصور ہوتا ہے، مفتاح اسماعیل رہائی کے بعد روزانہ تفتیشی افسر کوفون کریں، عدالت


ویب ڈیسک December 23, 2019
جرم ثابت ہونے تک ملزم بےگناہ تصور ہوتا ہے، مفتاح اسماعیل کو پابند کرتے ہیں کہ وہ رہائی کے بعد روزانہ تفتیشی افسر کوفون کریں، عدالت، فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تو نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دو وجوہات پرمفتاح اسماعیل کو ضمانت نہیں دینی چاہیے، مفتاح اسماعیل کے کچھ اکاؤنٹس کی تحقیقات جاری ہیں اور ان کے بیرون ملک فرار ہونے کے امکانات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل سمیت 10 ملزمان کے خلاف ایل این جی ریفرنس دائر

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ملزم باہر آجائے تو اس کا نام ای سی ایل پر رکھا جا سکتا ہے جس پروکیل حیدر وحید نے عدالت کو بتایا کہ مفتاح اسماعیل کا نام پہلے ہی ای سی ایل پر ہے۔

عدالت نے مفتاح اسماعیل کی ایک کروڑ روپے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیے۔