چارلی چپلن کو دنیا سے گزرے 42 برس بیت گئے

صرف 19 سال کی عمر میں چارلی چپلن دنیا کے معروف ترین چہروں میں سے ایک بن گئے


ویب ڈیسک December 26, 2019
چارلی چپلن نے 14 سال کی عمر سے اسٹیج ایکٹر کے طور پر کام شروع کیا فوٹوفائل

کامیڈی کو عروج پر پہنچانے اور خاموش رہ کر دنیا کو ہنسانے والے مزاحیہ اداکار چارلی چپلن کو مداحوں سے بچھڑے 42 برس گزرگئے۔

بغیر کوئی لفظ بولے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے چارلی چپلن 16 اپریل 1889 میں پیدا ہوئے۔ انگلینڈ کے غریب گھرانے میں آنکھ کھولنے والے چارلی چپلن کا کام ہمیشہ لوگوں کو خوش کرنا رہا۔ انہوں نے 14 سال کی عمر سے اسٹیج ایکٹر کے طور پر کام شروع کیا جب کہ سرکس میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ تاہم 15 سال کی عمر میں امریکا منتقل ہونے کے بعد چارلی چپلن کی قسمت بدل گئی۔

ٹیلی ویژن پر ان کی کامیڈی نے مزاح کو ایک عروج بخشا، بنا بولے صرف اپنی حرکتوں، چہرے کے اتارچڑھاؤ اور تاثرات سے مزاحیہ اداکاری کرکے انہوں نے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنالی۔ صرف 19 سال کی عمر میں چارلی چپلن دنیا کے معروف ترین چہروں میں سے ایک بن گئے۔ سات دہائیوں پر محیط فنی کیریئر میں انھوں نے کئی یادگار کردار نبھائے۔

'دی گریٹ ڈائریکٹر' اور 'سٹی لائٹس' جیسی فلموں میں ان کی بے مثال اداکاری مداحوں کو آج بھی یاد ہے۔ چارلی چپلن اکثر کہا کرتے تھے کہ مسکرائے بنا گزارے جانے والا دن کسی کام کا نہیں۔ چارلی چپلن 25 دسمبر 1977 کو 88 سال کی عمر میں سوئٹزرلینڈ میں انتقال کر گئے۔