پی سی بی انتخابات اورالیکشن کمیٹی کوفیس ادائیگی پرحکم امتناع

سیٹھی بحال ہوگئے،عاصمہ،حکم 29اکتوبرکے فیصلے پرلاگونہیں،مخالف وکیل


Numaindgan Express November 05, 2013
فاضل بنچ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈکی تقرری کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ فوٹو: فائل

اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات اورالیکشن کمیشن کی کمیٹی کو25لاکھ روپے فیس کی ادائیگی کیخلاف حکم امتناعی جاری کردیا ہے۔

فاضل بنچ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈکی تقرری کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی وکیل عاصمہ جہانگیرکا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعدکرکٹ بورڈکی پیٹرن شپ صدر سے وزیر اعظم کو منتقل کی گئی، جسٹس ریاض احمد خان نے پوچھا کیا وہ چیئرمین کو عہدے سے ہٹا سکتے ہیں۔عاصمہ جہانگیرنے بتایاکہ ہٹانے کا اختیار وزیر اعظم کے پاس نہیں ہے،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تحریری حکم نامے میں الیکشن کمیٹی کو25لاکھ فیس کی ادائیگی کے حوالے سے حکم امتناعی جاری کر دیا۔

تاہم حکم امتناع کے حوالے سے فریقین کے وکلاء اپنی مرضی کا مطلب نکالتے رہے۔درخواست گزار میجر ندیم سڈل کے وکیل میاں عبدالرؤف کا کہنا تھا کہ حکم امتناعی انٹراکورٹ اپیلوں پر دیا گیا جو 29اکتوبرکے فیصلے پر لاگو نہیں ہوتا بصورت دیگر اگر مان لیا جائے تو حکم امتناعی کا مطلب جوں کا توں ہے جس سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بینچ کے فیصلے پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی وکیل عاصمہ جہانگیرکا کہنا تھا حکم امتناعی تمام امور پر لاگو ہوگا جس کے بعد نجم سیٹھی بطور چیئرمین پی سی بی بحال ہو چکے ہیں۔



ڈویژن بنچ کے حکم کے حوالے سے طرفین کے وکلاء کا موقف متضاد دعوؤں کے ساتھ سامنے آیا، اس ابہام کو عدالت سات نومبرکو ہی دورکر سکتی ہے۔ عدالت نے پیرکے حکم میں ادائیگی روکنے کے واضح احکامات جاری کیے تاہم نجم سیٹھی اور عبوری کمیٹی کی بحالی کا ذکر تحریری آرڈر میں شامل نہیں ہے ۔لاہور سے سپورٹس رپورٹرکے مطابق نئے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کیلئے الیکشن کی تیاری اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہونے تک روک دی گئی۔نئے چیئرمین کے انتخابات کیلئے مقرر کردہ الیکشن کمشنر منیر اے شیخ کا کہنا ہے کہ نئے فیصلے کی روشنی میں کام کریں گے، عدالت کو بتایا جائے گا کہ الیکٹورل کالج مکمل نہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمدکے ہمراہ منیر اے شیخ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہ بورڈ کے ہیڈکوارٹرز میں الیکٹورل کالج کی سکروٹنی کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ بہت سی ایسوسی ایشنز کے اپنے انتخابات نہیں ہوئے، ان کو چیئرمین پی سی بی کے الیکشن میں حصہ کا موقع کیسے دیا جاسکتا ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم تھا کہ انتخابی عمل میں کسی کو بھی ووٹ کے حق سے محروم نہ کیا جائے، انہوں نے کہا عدالت کو بتایا جائے گا کہ انتخابات کیلئے الیکٹورل کالج ہی مکمل نہیں، پھر اس کے بعد نئے فیصلے کی روشنی میں کام شرو ع کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بطور الیکشن کمشنر پی سی بی سے25لاکھ روپے فیس وصول نہیں کر رہا۔

مقبول خبریں