نجی اسپتال میں زچگی کے دوران موبائل ویڈیو بنانے کا انکشاف

ضلعی انتظامیہ نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کو سیل کر دیا ہے


ویب ڈیسک December 28, 2019
زچگی کی ویڈیوز بنا کر واٹس ایپ گروپ میں شئیر کی جاتی ہیں ، درخواست گزار کا موقف فوٹوفائل

شیخوپورہ میں نجی اسپتال میں زچگی کے دوران موبائل فون کے ذریعے ویڈیوز بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔

زمان نامی شہری نے استعمال شدہ موبائل خریدا تو اس میں دوران زچگی خواتین کی نازیبا ویڈیوز برآمد ہوئیں جس پر شہری نے ڈی پی او شیخوپورہ کو کارروائی کےلئے درخواست دی۔

شہری نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ شکایت لے کر اسپتال انتظامیہ کے پاس گیا مگر انتظامیہ کے سر پر جوں تک نہ رینگی۔ شہری نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ زچگی کی ویڈیوز بنا کر واٹس ایپ گروپ میں شئیر کی جاتی ہیں۔

شہری کی درخواست پر ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے اسپتال کے آپریشن تھیٹر کو سیل کر دیا ہے۔ تاہم اسپتال کے مالک نے کارروائی سے بچنے کے لیے اسٹاف نرس اور درخواست گزار پر مقدمہ درج کروا دیا۔

پولیس نے واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔