غیررجسٹرڈسمیں فوری بلاک کردی جائیںوزیراعلیٰ سندھ

بلدیاتی الیکشن کیلیے تیارہیں،قائم علی شاہ،امن وامان وبلدیاتی امورسے متعلق اجلاسوں سے خطاب


Staff Reporter November 08, 2013
محرم الحرام میں ناقابل شکست سیکیورٹی پلان تشکیل دیاجائے۔وزیراعلیٰ سندھ ۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہاہے کہ کراچی آپریشن کے دوران گرفتار ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے اور انھیں عدالتوں سے سزادلوانے کے لیے پراسیکیویشن کے عمل کومزیدمؤثر اور تیزکیا جائے،محرم الحرام کے10 سے 12دن انتہائی اہم ہیں اس دوران صوبے بھرمیں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں۔

وہ جمعرات کی شب دہشت گردی کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی پیش رفت اورمحرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن،چیف سیکریٹری سندھ محمد اعجازچوہدری،آئی جی پولیس سندھ شاہدندیم بلوچ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ممتاز شاہ ،ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی شاہد حیات ، حساس اداروں کے نمائندوں و دیگرعملداروں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ 2مہینوں کے دورا ن اس وقت تک 8752ملزمان کو صرف پولیس نے گرفتار کیاہے جن میں سے 2636مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔



اجلاس میں موبائل کمپنیوں کے منفی رویوں پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے یہ فیصلہ کیاگیاکہ غیررجسٹرڈو جعلی موبائل سموں کوفوری بلاک کیاجائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے گزشتہ دنوں ہونے والی کلنگ کانوٹس لیتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمان کوفوری گرفتار کیاجائے۔انھوں نے کہاکہ محرم الحرام میں ناقابل شکست سیکیورٹی پلان تشکیل دیاجائے،حساس علاقوں میں غیرمعمولی اقدامات اٹھائے جائیں،تمام امام بارگاہوں، ماتمی جلوسوں ، مجالس،کو مکمل تحفظ فراہم کیاجائے ۔آئی جی پولیس نے بریفنگ میں بتایا کہ پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 2ہزار کی تعدادمیں غیر قانونی اسلحہ اور 93ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد کیے ۔

24گھنٹوں میں 2 دہشت گرداسلحے اور خودکش جیکٹس کے ساتھ پکڑے گئے۔دریں اثنا وزیراعلی ہائوس میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ حکومت سندھ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت بلدیاتی انتخابات کے انعقادکیلیے تیارہے اوراس سلسلے میں تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں،انھوں نے متعلقہ افسران کوہدایات کی کہ وہ الیکشن کمیشن سے رابطے میں رہیں اور انھیں انتظامات سے متعلق آگاہ سہولیات فراہم کرتے رہیں انھوں نے متعلقہ حکام کوکہاکہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں انتظامات کے بقیہ مراحل کو جلدمکمل کریں،متعلقہ محکموں کے تمام افسران وعملے کی آنے والی ہفتہ وارچھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انھیں مقرر ہ وقت کے اندر انتخابات کے انعقاد کی تیاری کیلیے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دینے کیلیے احکامات دیے جائیں۔

مقبول خبریں