سندھ حکومت کا ملازمتوں پر بھرتی کا اعلان محکموں سے تفصیلات طلب

وفاق سے صوبے کی 7 سیاحتی سائٹس مانگنے کا فیصلہ، ساتھ ہی صوبے بھر میں دکان کھولنے پر رجسٹریشن مفت کردی گئی


Staff Reporter January 08, 2020
وفاق سے صوبے کی 7 سیاحتی سائٹس مانگنے کا فیصلہ، ساتھ ہی صوبے بھر میں دکان کھولنے پر رجسٹریشن مفت کردی گئی (فوٹو: فائل)

سندھ حکومت نے مختلف محکموں میں بھرتی کا اعلان کرتے ہوئے محکموں جات سے خالی اسامیوں کی تفصیلات مانگ لیں۔

یہ بات وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے منگل کو سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

سعید غنی نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کو 15 جنوری تک تفصیلات وزیر اعلی ہاؤس میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، صوبے میں اسکولز، ہسپتالوں اور دیگر اداروں میں سہولیات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسامیوں کی تفصیلات بتائی جائیں۔

سندھ کابینہ کے اجلاس میں فوتی کوٹا کے لیے اہلیت پر نظر ثانی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اراکین کو بتایا گیا کہ فوتی کوٹا کے حوالے سے دو کیٹگری ہیں ایک 2 ستمبر 2002ء سے 15 ستمبر 2014ء تک کے لیے 60 دنوں میں درخواست دیں دوسرا 16 ستمبر 2014ء سے اب تک دو سال کے اندر درخواست دیں۔

اس دوران کابینہ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ جب ان کے محکمے میں کوئی ملازم فوت ہوجائے تو ان کے خاندان کو خط لکھا جائے کہ وہ فوتی کوٹا حاصل کریں جب بھی کسی کو تقرری کا حکم نامہ دیں تو اس میں بھی فوتی کوٹے سے متعلق آگاہی دی جائے، فوتی کوٹا کے تحت دوران ملازمت انتقال کرجانے والے ملازم کے بچے یا بیوہ کو ملازمت دی جاتی ہے اجلاس میں یہ تجویز ملتوی کردی گئی اور چیف سیکریٹری کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس کے لیے مزید تجاویز لے کر آئیں۔

وفاق سے صوبے کی 7 سیاحتی سائٹس مانگنے کا فیصلہ

سعید غنی نے مزید کہا کہ اجلاس میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے سندھ میں 7 اثاثے ہیں، جن میں پی ٹی ڈی سی موٹل ہاکس بے، سکھر میں 32 کینال کی زمین، حیدرآباد میں 9 کینال کی اراضی، سیاحت سہولت مرکز کراچی، موہن جو دڑو میں ہوٹل، ٹی آئی سی ٹھٹھہ اور بھنبھور میں 6 کینال زمین شامل ہیں اور یہ سب اثاثے 18ویں ترمیم کے تحت سندھ کو منتقل ہونے تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کو خط لکھ کر اثاثے سندھ کو منتقل کرنے کا کہا جائے گا۔

صوبے بھر میں دکان کھولنے پر رجسٹریشن مفت کردی گئی

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں دکانداروں کی رجسٹریشن فیس سے مستثنیٰ کرنے کے حوالے سے کابینہ کو بتایا گیا کہ کاروباری اصلاحات میں آسانی کے تحت فیس معاف کردی گئی تھی، جس پر کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب دکانوں کی رجسٹریشن فری اور آن لائن ہوگی اب جو بھی دکان کھولی جائے گی اس کی رجسٹریشن فیس نہیں دینی ہو گی۔

جیٹیز کو ریگولرائزڈ کیا جائے گا

سعید غنی نے کہا کہ اجلاس میں صوبائی وزیر فشریز نے بتایا کہ بااثر افراد نے اپنی اپنی جیٹیز بنائی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے حکومت کو سالانہ 4 سے 5 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے اس وقت کل 33 غیرقانونی جیٹیز کام کر رہی ہیں جس پر سندھ کابینہ نے جیٹیز کو ریگیولر کرنے کی منظوری دے دی۔

جانوروں کی ہنٹنگ پروٹیکٹڈ ایریا میں نہیں ہوتی

اجلاس میں سندھ میں جانورں کے شکار کی اجازت دینے کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہنٹنگ پروٹیکٹڈ ایریا میں نہیں ہوتی کوہستان میں پہاڑی بکروں کی تعداد 26 ہزار ہے جو محفوط علاقے میں رہتے ہیں اور شکار اس کا ہوگا جو محفوظ علاقے سے باہر رہتے ہیں جس پر کابینہ نے پرو ٹیکٹڈ ایریا سے باہر شکار کرنے کی اجازت کی منظوری دے دی۔

سندھ آکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ رولز کی منظوری

سعید غنی نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے سندھ آکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ رولز کی منظوری دی ہے، رولز کے تحت ہر آجر سیفٹی کمیٹی قائم کرنے کا پابند ہوگا ان رولز کااطلاق ان پر بھی ہوگا جو خود مزدوری کر رہے ہوں گے اور یہ رولز تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنائیں گئے ہیں ان ورکرز میں ایگریکلچر ورکرز بھی شامل ہیں۔

انڈس اسپتال جامشورو میں بلڈ بیگس کا کوٹا بڑھانے کی اجازت

سعید غنی نے کہا کہ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے جرمنی کے تعاون سے 4 ریجنل بلڈ سینٹرز قائم کیے ہیں جو کہ سکھر، جامشورو، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں قائم ہیں،انڈس اسپتال نے جامشورو کے لیے درخواست کی ہے اسے 20 ہزار سے 70 ہزار بلڈ بیگس رکھنے کی اجازت دی جائے جس پر سندھ کابینہ نے کوٹا بڑھانے کی منظوری دے دی۔

پروفیسر مجیب الدین کی تقرری کی منظوری

سعید غنی نے مزید بتایا گیا کہ پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین میمن کو سندھ حکومت نے وائس چانسلر ٹنڈو جام یونیورسٹی مقرر کیا تھا اورعدالت نے یہ فیصلہ غیرقانونی قرار دیا تھا کیونکہ کابینہ نے اس کی توسیع نہیں کی تھی، جس پر سندھ کابینہ نے پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین کی تقرری کی توسیع کی منظوری دے دی۔

شیعہ میرج اینڈ میراث بل ویٹ کرا کے اسمبلی میں لانے کی ہدایت
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے شیعہ میرج اینڈ میراث بل محکمہ قانون کو جلد ویٹ کرنے کی ہدایت دی اور صوبائی وزیر ناصر شاہ کو کہا کہ بل ویٹ کروا کر اسمبلی میں پیش کروائیں۔ پریس کانفرنس کے دوران سیکریٹری اطلاعات و محنت رشید سولنگی بھی موجود تھے۔

مقبول خبریں