متحدہ بلدیاتی الیکشن میں تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کریگی

بلدیاتی انتخابات کیلیے پورے ملک میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی،امین الحق


Staff Reporter November 11, 2013
بلدیاتی انتخابات کیلیے کراچی سمیت ملک بھرمیں بھرپورانتخابی مہم چلائی جائے گی۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)نے بلدیاتی انتخابات کیلیے تمام نشستوں پراپنے امیدوار کھڑے کرے گی ،امیدواروں کے انتخاب کیلیے رابطہ کمیٹی میں مشاورت کاسلسلہ جاری ہے۔

امیدواروں کاحتمی چنائو آئندہ چندروز میں ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین کی منظوری سے رابطہ کمیٹی کرے گی۔ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں بلدیاتی انتخابات کے لیے سرگرمیوں کاآغاز ہوتے ہی ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر انتخابی سرگرمیوں کاآغاز ہوگیا ہے،ایم کیو ایم کا الیکشن سیل بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے 24 گھنٹے کام کررہاہے اور تمام نشستوں کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے فارم بھرے جارہے ہیں،یہ کاغذات نامزدگی فارم مقررہ شیڈول کے تحت ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرائے جائیں گے۔



دوسری جانب ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں کے چنائوکے حوالے سے مشاورت کررہی ہے اورامیدواروںکے ناموں کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی میںبلدیاتی انتخابات میں کسی سیاسی ومذہبی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی ۔اس حوالے سے رابطہ کرنے پرایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق نے بتایاکہ ایم کیو ایم قائدالطاف حسین کی ہدایت پرسندھ، پنجاب اور بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تمام نشستوں پراپنے امیدوار کھڑے کرے گی اورامیدواروں کے حتمی چنائو کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے،بلدیاتی انتخابات کیلیے کراچی سمیت ملک بھرمیں بھرپورانتخابی مہم چلائی جائے گی۔