کورین تاجروں کاپاکستان سے معاشی روابط بڑھانے پرزور

اسلام آبادچیمبر کادورہ، تاجر رہنمائوں کے ساتھ بزنس ٹوبزنس میٹنگز کا انعقاد


APP September 04, 2012
اسلام آبادچیمبر کادورہ، تاجر رہنمائوں کے ساتھ بزنس ٹوبزنس میٹنگز کا انعقاد. فوٹو فائل

جنوبی کوریا سے سرمایہ کاروں کے وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میںباہمی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستانی تاجررہنمائوں کے ساتھ بزنس ٹوبزنس میٹنگز کا انعقاد کیا۔کورین وفد کی قیادت لی جائے ہو کر رہے تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لی جائے ہو نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا میں باہمی تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں لیکن دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم صرف 1.5 ارب ڈالر ہے جوموجود صلاحیتوں سے بہت ہی کم ہے، جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کے زرعی شعبہ میں باہمی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا اپنے تجارتی اور معاشی تعلقات کو بہتر کرنے کیلیے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو ترقی دیں تاکہ دونوں ممالک موجود تجارتی مواقع سے بھر پور استفادہ کر سکیں۔

اسلام آباد چیمبر کے صدر یاسر سخی بٹ نے کہا کہ جنوبی کوریا پاکستان کا تجارتی پارٹنر ہے اور زرعی سیکٹر میں اچھے ماہرین کا حامل ملک ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاروں کی جدید زرعی پریکٹسسز دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں مدد کر سکتی ہیں۔

انہوںنے کوریا کے سرمایہ کاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سرمایہ کاری کرتے ہوئے اپنے سرمایہ اور ٹیکنالوجی کو پاکستان منتقل کر نے کے ساتھ ساتھ اپنا تجربہ اور ماہرین کی خدمات بھی پاکستان کو فراہم کریں تاکہ دونوںممالک کے مابین مستحکم بنیادوں پر باہمی تجارتی اور معاشی تعلقات استوار ہو سکیں۔

مقبول خبریں