محمد حفیظ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

عباس رضا  جمعـء 17 جنوری 2020
بولنگ کی کمی محسوس کروں گا، ایکشن ٹیسٹ کے لئے تیار ہوں، محمد حفیظ

بولنگ کی کمی محسوس کروں گا، ایکشن ٹیسٹ کے لئے تیار ہوں، محمد حفیظ

 لاہور: سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ہر طرح کی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا۔

قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم میں واپسی میرے لئے سر پرائز نہیں ہے، میں ٹیم کو مس کررہاتھا واپسی پر خوشی ہوئی ہے، بولنگ کی کمی محسوس کروں گا، بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے لئے تیار ہوں، پاکستان کے لئے بطور بیٹسمین کھیلا ہوں اور بولنگ کی اضافی صلاحیت ٹیم کے کام آتی رہی ہے،کوشش ہوگی کہ بطور بولر بھی ایکشن میں نظر آؤں۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میرا پلان ہے کہ فٹنس اور فارم کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلوں اور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجاؤں، میں کبھی مایوس نہیں بلکہ ہمیشہ پر امید رہتا ہوں اور مثبت سوچتا ہوں، اس سوچ کے ساتھ ٹیم میں آیا ہوں،میری کوشش ہوگی کہ جو اعتماد کیا گیا ہے اس پرپورا اتروں۔

محمد حفیظ نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔نوجوان کھلاڑیوں کواپنے تجربے سے بتاؤں گا کہ کس طرح مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنا ہے، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم  کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، اپنے لوگوں کے سامنے کھیلنےکو بے تاب ہوں، زیادہ شائقین کرکٹ کو میدان میں آکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔