ٹرانسپورٹرز نے مطالبات 17 سے 5 تک محدود کر دیے

جلائی گئی گاڑیوں کا معاوضہ، فشری پلاٹ پر قبضہ و ناجائز الاٹمنٹ اور کانٹوں پر ظلم ختم کیا جائے


Business Reporter November 12, 2013
کراچی چیمبرکے صدر عبداللہ ذکی نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایاا ورکر اچی چیمبر کی درخواست پر17 مطالبات کوکم کر کے 5 تک محدود کرنے کے عمل کو سراہا۔ فوٹو: راشد اجمیری/ ایکسپریس

ٹرانسپورٹرز نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ ان کے 5 مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 9 اور10 محرم الحرام کے بعد بھی ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔

یہ بات یونائٹیڈ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے سیکریٹری جنرل شعیب خان نے منگل کی شام کراچی چیمبر آف کامرس میں ایوان کے صدر عبداللہ ذکی و دیگر عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات حکومتی ایوانوں تک پہنچانے کے لیے کراچی چیمبر آف کامرس سے تعاون طلب کرتے ہوئے انھوں نے ٹرانسپورٹرز کے 17 مطالبات کو5مطالبات تک محدودکرتے ہوئے کہا کہ ان کا پہلا مطالبہ 27 دسمبر 2007 کو محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے موقع پر جلائی گئی گاڑیوں کے معاوضے کی ادائیگی، دوسرا مطالبہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی طرف سے ٹرانسپورٹرز آف گڈزایسوسی ایشن کے پی ٹی کے لیے مختص زمین کی ناجائزالاٹمنٹ کو روکنا اور فشری کے پلاٹ پر قبضے ختم کرانا، تیسرا مطالبہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے کانٹوں پر ظلم وزیادتی اور موٹر وے پولیس کی طرف سے کارگو کیریئرز پربھاری جرمانے بند کرنا، چوتھا مطالبہ ناردرن بائی پاس پر ٹرک اسٹینڈ کے لیے 500 ایکٹر اراضی کی الاٹمنٹ اور پانچواں مطالبہ مائی کلاچی روڈ کو ہیوی گاڑیوں کے لیے کھولنا شامل ہے۔



دوران ملاقات کراچی چیمبرکے صدر عبداللہ ذکی نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایاا ورکر اچی چیمبر کی درخواست پر17 مطالبات کوکم کر کے 5 تک محدود کرنے کے عمل کو سراہا۔ انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی چیمبر اسلام آباد میں اعلیٰ حکام سے رجوع کرے گا اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات ان تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا تاکہ ان کے جائز مطالبات منظور ہو سکیں۔ عبداللہ ذکی نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ہڑتال کے باعث بندرگاہوں پر مال کی ترسیل نہ ہونے سے لگنے والے ڈیمرج اور ڈیٹینشن کو ختم کرنے کے احکام جاری کیے جائیں۔