امریکا کی بزدلانہ کارروائی کا مردانہ وار جواب دیں گے ایران

امریکا کی طرح پیچھے سے نہیں سامنے آکر کارروائی کریں گے، جنرل اسماعیل قانی


ویب ڈیسک January 21, 2020
جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلا لیں گے، سربراہ قدس فورس (فوٹو: فائل)

UNITED NATIONS: ایران کی قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قانی نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کو بزدلانہ حملے میں شہید کرنے والے امریکا پر مردانہ وار کارروائی کرکے جواب دیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی نے کہا ہے کہ امریکا نے بزدلوں کی طرح حملہ کرکے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیا ہے جس کا ہم مردوں کی طرح بہادری سے جواب دیں گے۔

قدس فورس کے سربراہ نے مزید کہا کہ ایران امریکا کی طرح پیچھے سے بزدلانہ وار نہیں کرتا بلکہ مردوں کی طرح سامنے آکر مقابلہ کرتا ہے اور جلد ہی امریکا کو پتا چل جائے گا کہ اس نے کس سے ٹکر لی ہے۔

قبل ازیں ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے بھی امریکا کو دھمکی دی تھی کہ جنرل قاسم سلیمانی کا بدلا لینے کے لیے اُن کی فوج امریکا پر میزائل حملے سے بھی بڑھ کر کارروائی کرے گا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ امریکی فوج نے بغداد میں میزائل حملے میں قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کردیا تھا جس کے جواب میں ایران نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا۔