وزارت دفاع کی کرنل (ر) انعام الرحیم کو مشروط طور پر رہا کرنے کی یقین دہانی

ویب ڈیسک  بدھ 22 جنوری 2020
رہائی کیلئے انعام الرحیم کو اپنے لیپ ٹاپ کا پاسورڈ دینا اور تحقیقات میں تعاون کرنا ہوگا، اٹارنی جنرل

رہائی کیلئے انعام الرحیم کو اپنے لیپ ٹاپ کا پاسورڈ دینا اور تحقیقات میں تعاون کرنا ہوگا، اٹارنی جنرل

 اسلام آباد: حکومت نے کرنل (ر) انعام الرحیم کو مشروط طور پر رہا کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے لاپتہ افراد کے وکیل انعام الرحیم کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ وزارت دفاع نے انعام الرحیم کو مشروط طور پر رہا کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے کرنل (ر) انعام الرحیم کی رہائی کا حکم معطل کردیا

اٹارنی جنرل نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ کرنل (ر) انعام الرحیم بیمار ہیں، انہیں بار بار اسپتال لے جانا پڑتا ہے، وہ اپنا پاسپورٹ جمع کرادیں اور راولپنڈی و اسلام آباد سے بھی باہر نہ جائیں، رہائی کیلئے انعام الرحیم کو اپنے لیپ ٹاپ کا پاسورڈ دینا ہوگا اور وہ تحقیقات میں بھی تعاون کرنا ہوگا۔ انعام الرحیم کے وکیل نے کہا کہ ہم پاسپورٹ جمع کرادیتے ہیں یہ انہیں چھوڑ دیں، ایک ماہ آٹھ دن سے انعام الرحیم حراست میں ہیں۔

جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ انعام الرحیم پاسپورٹ بھی جمع کرادیں گے، تحقیقات میں بھی تعاون کریں گے، رہائی کے خلاف حکومتی اپیل کو میرٹ پر سنا جائیگا۔ عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔

حکومت نے گزشتہ سماعت پر موقف اختیار کیا تھا کہ کرنل (ر) انعام کو جاسوسی، حساس معلومات افشا کرنے اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔